جنگ کے باوجود پاکستان کی ایران سے درآمدات ایک ارب 39 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں
اسلام آباد: امریکا اور اسرائیل کے ساتھ ایران کی جنگ کے باوجود پاکستان کی ایرانی مصنوعات سے درآمدات میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق مالی سال 2025-26 کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان درآمدی تجارت میں نمایاں وسعت دیکھی گئی۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ مالی سال پاکستان نے ایران سے ایک ارب 39 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی اشیا درآمد کیں۔ یہ حجم مالی سال 2024-25 کے مقابلے میں 12 فیصد زیادہ ہے۔
جون 2026 میں بھی ایران سے پاکستان کی درآمدات میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اس ماہ درآمدات سالانہ بنیاد پر 47 فیصد بڑھ کر 11 کروڑ 90 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مارچ 2026 میں پاکستان نے ایران سے 10 کروڑ ڈالر کی درآمدات کیں۔ اس ماہ ایرانی درآمدات میں سالانہ بنیاد پر 16 فیصد اضافہ ریکارڈ ہوا، جو دونوں ملکوں کے تجارتی تعلقات میں تسلسل ظاہر کرتا ہے۔
دوسری جانب اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان کا ایران سے درآمدات پر انحصار ہر گزرتے سال کے ساتھ بڑھ رہا ہے۔ مالی سال 2024-25 میں ایرانی درآمدات ایک ارب 24 کروڑ 10 لاکھ ڈالر رہی تھیں۔
اس سے پہلے مالی سال 2023-24 میں پاکستان نے ایران سے ایک ارب 3 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کی اشیا درآمد کی تھیں۔ اس طرح چند برسوں کے دوران ایرانی درآمدات کے حجم میں مسلسل اضافہ دیکھا گیا۔
مالی سال 2022-23 میں ایران سے پاکستانی درآمدات 88 کروڑ ڈالر رہیں۔ اس کے اگلے مالی سال میں یہ حجم بڑھ کر ایک ارب ڈالر سے تجاوز کرگیا، جس سے بڑھتے تجارتی رجحان کی عکاسی ہوتی ہے۔
ذرائع کے مطابق مالی سال 2021-22 میں ایران سے درآمدات 77 کروڑ 38 لاکھ ڈالر تھیں۔ مالی سال 2020-21 میں یہ حجم 51 کروڑ 86 لاکھ ڈالر جبکہ 2019-20 میں 44 کروڑ ڈالر رہا تھا۔
اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چند سالوں میں ایران سے پاکستانی درآمدات مسلسل بڑھتی رہی ہیں۔ موجودہ علاقائی کشیدگی کے باوجود مالی سال 2025-26 میں درآمدات کا ریکارڈ حجم دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔