|

خودکشی کی کوشش: بیوی کی ناراضی پر خاوند نے خود کو آگ لگا لی

قصور : تھانہ مصطفی آباد کی حدود میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک شخص نے اپنی بیوی کی ناراضی اور گھر واپس نہ آنے پر مایوس ہو کر خود پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگا لی، جس سے وہ شدید جھلس گیا۔

پولیس اور ریسکیو ذرائع کے مطابق 35 سالہ شہباز نامی شخص کی بیوی کچھ عرصہ قبل ناراض ہو کر اپنے میکے چلی گئی تھی۔ شہباز اسے منانے اور واپس لانے کے لیے سسرال پہنچا، جب اہلیہ نے واپس جانے سے انکار کر دیا تو وہ مشتعل ہو گیا اور اس نے سسرال کے گھر کے سامنے ہی خود پر پیٹرول ڈال کر آگ لگا لی۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچی اور شدید جھلسنے والے شہباز کو فوری طور پر بلھے شاہ اسپتال قصور منتقل کیا گیا، جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد اس کی حالت تشویشناک ہونے پر اسے مزید علاج کے لیے لاہور ریفر کر دیا گیا۔

پولیس نے واقعے کی اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور واقعے کے اسباب اور دیگر پہلوؤں کو جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے،شہباز کی جسمانی حالت نازک ہے اور اسے لاہور کے اسپتال میں انتہائی نگہداشت میں رکھا گیا ہے۔

اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ حقیقی وجوہات کا تعین تفتیش کے بعد کیا جائے گا اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *