راولاکوٹ: مورچہ بند شرپسندوں کو رعایت نہیں دی جائے گی، آزاد کشمیر پولیس
راولاکوٹ: آزاد جموں و کشمیر پولیس کے ترجمان ایس ایس پی خاور علی شوکت نے کہا ہے کہ راولاکوٹ میں مسلح حملہ آور مختلف عمارتوں پر مورچہ بند ہو کر سکیورٹی فورسز پر حملے کر رہے ہیں جبکہ شرپسند عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایس ایس پی خاور علی شوکت نے کہا کہ مسلح عناصر شہر کی مختلف عمارتوں میں پوزیشن سنبھالے ہوئے ہیں اور فورسز کو نشانہ بنا رہے ہیں، شرپسند عناصر کو کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔
ترجمان پولیس کے مطابق حملوں کے دوران ایک رینجرز اہلکار شہید ہوا جبکہ پولیس نے متعدد شرپسند عناصر کو گرفتار کر لیا ہے، گرفتار افراد کے قبضے سے جدید اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔
خاور علی شوکت نے دعویٰ کیا کہ شرپسند عناصر کے تانے بانے کہیں اور سے ملتے ہیں اور ملک دشمن عناصر سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈا بھی کر رہے ہیں، سکیورٹی فورسز اور ریاستی اداروں پر حملے کسی صورت قابل قبول نہیں جبکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے مسلح جتھوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ریاستی اداروں نے ہمیشہ تحمل کا مظاہرہ کیا ہے، ریاست پر حملہ کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، شرپسند عناصر آزاد کشمیر کے امن کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں لیکن ریاستی ادارے کسی صورت امن و امان خراب نہیں ہونے دیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ سے آزاد کشمیر میں کالعدم تنظیم عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ اس حوالے سے سوشل میڈیا پر کئی ویڈیوز گردش کر رہی ہیں جن میں پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں دکھائی گئی ہیں۔ ان واقعات کے نتیجے میں کئی افراد کے ہلاک اور سیکڑوں کے زخمی ہونے کے دعوے کیے جا رہے ہیں،تاحال ان ویڈیوز کی آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی کہ آیا یہ حالیہ مظاہروں سے متعلق ہیں یا پرانی ہیں۔