|

فاطمہ زہرا کی شاندار فتح، پاکستان کو 12 سال بعد باکسنگ میں میڈل ملے گا

پاکستان کی باصلاحیت باکسر فاطمہ زہرا نے کامن ویلتھ گیمز کی تاریخ میں نئی مثال قائم کرتے ہوئے تمغہ جیتنے والی پہلی پاکستانی خاتون باکسر بننے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔

ان کی اس شاندار کامیابی کے ساتھ ہی پاکستان کے لیے 12 برس بعد باکسنگ میں میڈل یقینی ہو گیا ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق اسکاٹ لینڈ کے شہر گلاسگو میں جاری کامن ویلتھ گیمز 2026 میں خواتین کے 60 کلوگرام مقابلوں کے کوارٹر فائنل میں فاطمہ زہرا نے نیوزی لینڈ کی جارڈن ولسن کو 0-5 کے متفقہ فیصلے سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔

سرگودھا سے تعلق رکھنے والی اور پاکستان آرمی کی نمائندگی کرنے والی فاطمہ زہرا نے پورے مقابلے میں عمدہ تکنیک، مضبوط دفاع اور جارحانہ انداز کا مظاہرہ کیا۔ ان کی منظم حکمت عملی کے باعث حریف باکسر مقابلے میں مؤثر کارکردگی نہ دکھا سکی۔

کامن ویلتھ گیمز کے قوانین کے مطابق سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنے والے تمام باکسرز کم از کم کانسی کا تمغہ یقینی بنا لیتے ہیں۔ اسی اصول کے تحت فاطمہ زہرا نے پاکستان کے لیے تاریخی اعزاز اپنے نام کر لیا، جبکہ انہیں اب فائنل تک رسائی کے لیے اگلا اہم مقابلہ کھیلنا ہوگا۔

یاد رہے کہ پاکستان نے آخری بار 2014 کے گلاسگو کامن ویلتھ گیمز میں باکسنگ کا تمغہ جیتا تھا، جب محمد وسیم نے فلائی ویٹ کیٹیگری میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے چاندی کا تمغہ حاصل کیا تھا۔

فاطمہ زہرا کی اس حالیہ کامیابی کو پاکستانی خواتین کی کھیلوں میں بڑھتی ہوئی نمائندگی کا اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *