نسل در نسل دھاندلی کی پیداوار کو آزاد کشمیر میں دھاندلی نہیں کرنے دیں گے، بلاول
مظفرآباد: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری نے آزاد کشمیر کے انتخابات کے حوالے سے مسلم لیگ (ن) پر نام لیے بغیر شدید تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ یہ جماعت ہمیشہ دھاندلی کے ذریعے اقتدار میں آتی رہی ہے۔
مظفرآباد میں پیپلز پارٹی کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے بلاول زرداری نے کہا کہ جلسے میں عوام کی بڑی تعداد اس بات کا ثبوت ہے کہ 2 اگست کو تیر کی کامیابی یقینی ہے، پیپلز پارٹی گزشتہ تین نسلوں سے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر مؤثر انداز میں اجاگر کرتی آ رہی ہے۔
انہوں نے مسلم لیگ (ن) کا نام لیے بغیر کہاکہ یہ لوگ نسل در نسل دھاندلی کی پیداوار ہیں، ہمیشہ دھاندلی کے ذریعے اقتدار میں آتے ہیں اور اب سمجھتے ہیں کہ آزاد کشمیر میں بھی یہی طریقہ اختیار کریں گے لیکن ہم انہیں یہاں دھاندلی نہیں کرنے دیں گے۔
بلاول نے مزید کہا کہ ان کا پہلا وزیراعلیٰ پنجاب بھی دھاندلی کے ذریعے بنا جبکہ ان کا وزیراعظم بھی آر اوز الیکشن کے نتیجے میں منتخب ہوا،پیپلز پارٹی دھاندلی کے باوجود عوام کی طاقت سے اقتدار میں آتی ہے اور مظفرآباد کے عوام بھی کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ جہاں عوام کے ووٹ کی طاقت سے شکست ہوگی، وہ اسے دل سے تسلیم کریں گے، تاہم مبینہ طور پر چوری شدہ انتخابات ہرگز قبول نہیں کیے جائیں گے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ چوہدری یاسین کی آبائی نشست پر 30 پولنگ اسٹیشنز پر قبضہ کرکے دھاندلی کی گئی، ان کے پاس اس حوالے سے شواہد موجود ہیں اور اگر الیکشن کمیشن اس عمل میں ملوث نہیں تو متاثرہ پولنگ اسٹیشنز پر فوری طور پر دوبارہ پولنگ کرائی جائے۔
بلاول زرداری نے کشمیر کے عوام سے وعدہ کیا کہ وہ “چوری شدہ” ہر نشست واپس دلانے کی کوشش کریں گے،پیپلز پارٹی کشمیری عوام کو حقِ ملکیت دلوانا چاہتی ہے اور یہ مقصد بندوق کے زور پر نہیں بلکہ جمہوری عمل اور انتخابات کے ذریعے حاصل کیا جائے گا۔