آسٹریلیا: مردہ بچے کو ساتھ لے کر تیرتی ڈولفن کی ویڈیو نے لوگوں کو افسردہ کر دیا
سڈنی: آسٹریلیا کے ساحل سے سامنے آنے والی ایک دلخراش ویڈیو نے سوشل میڈیا صارفین کو افسردہ کر دیا، جس میں ایک مادہ ڈولفن اپنے مردہ بچے کو ساتھ لے کر تیرتی دکھائی دے رہی ہے جبکہ اس کے اردگرد دیگر ڈولفنز بھی موجود ہیں۔
چیریٹی ادارے جیوگراف میرین ریسرچ کے مطابق ویڈیو میں نظر آنے والی مادہ ڈولفن، جسے “فریگل” کا نام دیا گیا ہے، نے تقریباً دو ہفتے قبل ایک بچے کو جنم دیا تھا۔ ادارے کا کہنا ہے کہ وائرل ہونے والی یہ ویڈیو گزشتہ ماہ ریکارڈ کی گئی تھی، فریگل اس سے قبل بھی مبینہ طور پر چار بچوں کو جنم دے چکی ہے، وہ زندہ نہ رہ سکے۔
جیوگراف میرین ریسرچ نے بتایا کہ ڈولفنز میں سوگ منانے کا رویہ دیکھا جاتا ہے اور مادہ ڈولفن اپنے مردہ بچے کو کئی روز تک اپنے ساتھ رکھ سکتی ہے، بالآخر اسے بچے کو چھوڑنا پڑتا ہے تاکہ وہ اپنی بقا کے لیے خوراک حاصل کر سکے اور معمول کی زندگی کی طرف واپس آ سکے۔
ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جہاں صارفین اس منظر کو دیکھ کر گہرے دکھ اور جذبات کا اظہار کر رہے ہیں۔