راولپنڈی، اسلام آباد میں موسلادھار بارش، موسم خوشگوار، مزید بارش کی پیشگوئی
راولپنڈی اور اسلام آباد میں موسلادھار بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گوالمنڈی میں 47، کچہری میں 44 اور پیرودھائی میں 28 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق نیو کٹاریاں میں 32، بوکرہ میں 27، پی ایم ڈی میں 23 جبکہ شمس آباد میں 19 ملی میٹر بارش ہوئی۔
ایم ڈی واسا کے مطابق نشیبی علاقوں میں واسا کا عملہ ہیوی مشینری کے ہمراہ موجود ہے، جبکہ گزشتہ بارش کے بعد نالوں میں بننے والی رکاوٹیں بھی دور کردی گئی ہیں۔ شہر بھر کے نالوں اور نالہ لئی کی مسلسل مانیٹرنگ جاری ہے اور پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق اور بلا رکاوٹ ہے۔
دوسری جانب لاہور کے مختلف علاقوں میں بھی بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کمزور مون سون ہواؤں کے ساتھ مغربی ہواؤں کا سلسلہ بھی ملک کے شمالی علاقوں پر اثرانداز ہے، جس کے باعث آج اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر کے بعض مقامات پر مزید بارش کا امکان ہے۔