بلوچستان کے مسائل
|

بلوچستان کے مسائل کا حل تشدد نہیں، آئینی و سیاسی ذرائع کا مؤثر استعمال ہے، انوارالحق کاکڑ

کوئٹہ(جانوڈاٹ پی کے) سینیٹر انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ بلوچستان کے مسائل کا حل علیحدگی پسندی یا تشدد میں نہیں بلکہ آئینی، سیاسی، انتظامی اور ترقیاتی ذرائع کے مؤثر استعمال میں ہے۔

آئی ایس پی آر سمر انٹرن شپ پروگرام 2026 کے تحت سینیٹر انوارالحق کاکڑ نے 21 مختلف اسٹیشنز سے شریک ہونے والے 6 ہزار 150 سے زائد طلبہ و طالبات سے خصوصی نشست میں خطاب کیا۔

اس موقع پر سینیٹر انوارالحق کاکڑ نے بلوچستان کی تاریخ، علیحدگی پسند بیانیے، دہشت گردی، انسانی حقوق، قومی سلامتی اور نوجوانوں کے کردار سمیت مختلف امور پر تفصیلی اظہارِ خیال کیا۔

نوجوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ بلوچستان میں علیحدگی پسند اور دہشت گرد تنظیموں کی سیاسی حکمت عملی کا بنیادی ذریعہ تشدد ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد عناصر اور ان کے نیٹ ورک کا بھرپور مقابلہ کرکے مکمل خاتمہ ضروری ہے۔

انہوں نے جعفر ایکسپریس کے مسافروں، موسیٰ خیل میں شہریوں اور تربت میں مزدوروں کو نشانہ بنانے کے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانا انسانی حقوق اور حقِ زندگی کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

سینیٹر انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ نوجوانوں کو انتہا پسند اور ریاست مخالف بیانیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے ذہنی، علمی اور فکری طور پر تیار کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جدوجہد صرف طاقت کے استعمال تک محدود نہیں ہونی چاہیے، بلکہ اس میں زبان کی طاقت، دلیل، علم، مؤثر ابلاغ اور ذہنی صلاحیتوں کو بھی بھرپور انداز میں بروئے کار لانا ہوگا۔

سینیٹر انوارالحق کاکڑ نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ بلوچستان کے مسائل اور قومی معاملات کو سمجھنے کے لیے علم و تحقیق سے استفادہ کریں اور ملک کے مستقبل میں مثبت اور تعمیری کردار ادا کریں۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *