برطانوی ڈرائیور نے ہائیڈروجن گاڑی سے رفتار کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا
برطانوی ڈرائیور اینڈی گرین نے ہائیڈروجن سے چلنے والی گاڑی کے ذریعے عالمی رفتار کا نیا ریکارڈ قائم کردیا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق 64 سالہ سابق رائل ایئر فورس پائلٹ نے امریکی ریاست یوٹاہ کے بون ویل سالٹ فلیٹس میں ہائیڈرو میکس دوڑائی۔
ہائیڈرو میکس نے 2 رنز میں اوسطاً 654 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار حاصل کی۔ یہ ہائیڈروجن کمبسشن انجن استعمال کرنے والی کسی گاڑی کی اب تک کی بلند ترین رفتار قرار دی جارہی ہے، جبکہ گاڑی میں 2 ہائیڈروجن انجن نصب ہیں۔
یہ دونوں انجن مجموعی طور پر تقریباً 1600 بریک ہارس پاور پیدا کرتے ہیں۔ ریکارڈ کا فیصلہ دونوں رنز کی اوسط رفتار سے ہوا، یوں ہائیڈرو میکس نے سابق عالمی ریکارڈ کو غیر معمولی فرق سے پیچھے چھوڑ دیا۔
اس سے قبل ہائیڈروجن کمبسشن گاڑی کا عالمی رفتار ریکارڈ 2004 میں قائم ہوا تھا۔ اس وقت گاڑی نے 298.5 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار حاصل کی تھی، جبکہ ہائیڈرو میکس نے اس نشان کو دوگنی سے بھی زیادہ رفتار سے عبور کیا۔
یاد رہے کہ اینڈی گرین پہلے بھی زمینی رفتار کے ریکارڈز میں اپنا نام درج کراچکے ہیں۔ 1997 میں انہوں نے نیواڈا کے بلیک راک ڈیزرٹ میں جیٹ انجن والی تھرسٹ ایس ایس سی کو 1228 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے دوڑایا تھا۔
اس کامیابی کے ساتھ اینڈی گرین زمین پر گاڑی کے ذریعے آواز کی رفتار توڑنے والے پہلے شخص بنے۔ وہ اب تک اس کارنامے کو انجام دینے والے واحد انسان بھی ہیں، جبکہ تقریباً 2 دہائیاں قبل انہوں نے ڈیزل گاڑی کا ریکارڈ بھی بنایا تھا۔
گرین نے جے سی بی ڈیزل میکس کے ذریعے 563 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زیادہ رفتار حاصل کی تھی۔ اب ہائیڈروجن پاور کے نئے ریکارڈ پر انہوں نے خوشی ظاہر کرتے ہوئے اسے اپنے لیے بڑا اعزاز قرار دیا ہے۔
اینڈی گرین نے کہا کہ یہ کامیابی عالمی معیار کی ٹیم اور جدید ٹیکنالوجی کی مشترکہ کوشش کا نتیجہ ہے۔ اس طرح ان کے ریکارڈز میں ہائیڈروجن سے چلنے والی گاڑی کی یہ نئی کامیابی بھی شامل ہوگئی ہے۔