عدلیہ چودہ معصوم
|

عدلیہ، چودہ معصوم جنازے اور ریاست کا نوحہ

(گزشتہ سے پیوستہ)
جمہوریت آئی، مگر جمہوری مزاج پوری طرح نہ آ سکا نہ پنپ سکا،عدلیہ موجود رہی، مگر عدالتی آزادی ہمیشہ ایک زندہ سوال بنی رہی۔بیوروکریسی قائم رہی، مگر عوامی خدمت کا تصور اس کے اندر اتنی قوت سے نہ اتر سکا جتنی قوت سے اختیار کا تصور اتر گیا،اور رہ گئی سیاست اس نے بھی قوم کو اکثر یہ سکھایا کہ اصول اقتدار تک پہنچنے کا ذریعہ ہیں مگر اقتدار حاصل ہو جائے تو اصولوں کی تعبیر بدل سکتی ہے۔نتیجہ سامنے ہے۔ہر حکومت اپنے ساتھ ایک نیا نعرہ لاتی ہے۔کوئی انقلاب لاتا ہے۔کوئی اصلاحات۔ کوئی گورننس۔کوئی میرٹ۔کوئی احتساب۔کوئی تبدیلی۔ مگر عام آدمی اپنی جگہ کھڑا رہتا ہے۔اس کے ہاتھ میں وہی درخواست ہوتی ہے۔وہی شناختی کارڈ ہوتا ہے۔وہی بجلی کا بل ہوتا ہے۔وہی عدالت کا مقدمہ ہوتا ہے۔وہی ہسپتال کی پرچی ہوتی ہے۔اور وہی سوال کہ ’’میرے لئے ریاست کہاں ہے؟‘‘ پمز میں مرنے والے بچے اس سوال کا سب سے خوفناک جواب ہیں۔وہ بچے سیاست نہیں جانتے تھے۔انہیں آئین کی دفعات کا علم نہیں تھا۔وہ کسی جماعت کے کارکن نہیں تھے۔انہوں نے کسی حکومت کیخلاف نعرہ نہیں لگایا تھا۔وہ تو ابھی دنیا میں اپنے پہلے لفظ کی طرف بھی نہیں بڑھے تھے۔لیکن ریاست ان کی حفاظت نہ کر سکی۔یہی وجہ ہے کہ پمز کا واقعہ محض وزارتِ صحت کا معاملہ نہیں۔ یہ ریاستی ذمہ داری کا معاملہ ہے،اور اگر ہر سانحے کے بعد ہم صرف یہ کہیں کہ تحقیقات ہوں گی، ذمہ داروں کو نہیں چھوڑیں گے، سخت کارروائی کی جائے گی، تو پھر ایک سوال ضرور پوچھنا چاہیے، پچھلے سانحات کا کیا ہوا؟کیونکہ قومیں بیانات سے نہیں، نتائج سے مطمئن ہوتی ہیں۔
وزیر صحت نے خود کو احتساب کے لئے پیش کرنے کی بات کی اور ذمہ داروں کو نہ چھوڑنے کا عزم ظاہر کیا، جبکہ پارلیمان میں بھی واقعے کی آزادانہ اور شفاف تحقیقات اور ذمہ داروں کے تعین کے مطالبات ہوئے۔یہ اچھی بات ہے۔مگر اصل سوال یہ ہے کہ کیا اس بار بھی چند افسران کے بیانات، چند کمیٹیوں کے اجلاس، چند فائلوں کے تبادلے اور چند رسمی سفارشات کے بعد قوم کو بتایا جائے گا کہ معاملہ نمٹا دیا گیا؟یا واقعی یہ معلوم کیا جائے گا کہ نظام کہاں ناکام ہوا؟یہی وہ مقام ہے جہاں عدلیہ، مقننہ اور انتظامیہ ایک دوسرے سے جڑ جاتی ہیں۔اگر عدالت آزاد ہے تو اسے صرف سیاسی مقدمات میں آزادی نہیں دکھانی چاہیے ، اسے عام شہری کی جان کے تحفظ سے متعلق ریاستی ناکامی پر بھی قانون کی پوری قوت دکھانی چاہیے۔اگر پارلیمان زندہ ہے تو اسے صرف قرارداد پاس نہیں کرنی چاہیے؛ اسے یہ پوچھنا چاہیے کہ فائر سیفٹی کے نوٹس کیوں نظرانداز ہوئے، ذمہ داری کس کی تھی، نگرانی کس نے کی، بجٹ کہاں گیا، تربیت کیوں ناکافی تھی اور آئندہ ایسا واقعہ روکنے کے لئے قابل پیمائش اقدامات کیا ہیں؟اگر وزارتِ صحت واقعی ذمہ دار ہے تو اسے صرف ماتمی بیانات نہیں بلکہ نظام کی سرجری کرنی چاہیے۔ہمیں مزید تقریریں نہیں چاہئیں۔ ہمیں ذمہ داری کا تعین چاہیے۔ہمیں فائلیں نہیں، فیصلے چاہئیں۔ ہمیں کمیٹیاں نہیں، نتائج چاہئیں ، اور سب سے بڑھ کر ہمیں ایسی ریاست چاہیے جس میں ایک نومولود بچے کی زندگی سرکاری فائل کے حاشیے سے زیادہ اہم ہو۔چیف جسٹس نے درست کہا کہ عوامی اعتماد دعوے سے نہیں، دیانت، اہلیت، انصاف اور ادارہ جاتی آزادی سے پیدا ہوتا ہے۔لیکن اس جملے کو عدلیہ کی چار دیواری سے نکال کر پوری ریاست پر لکھنے کی ضرورت ہے۔عوام کا اعتماد صرف عدالت نہیں، پوری ریاست کماتی ہے۔عدالت انصاف دے۔پارلیمان قانون بنائے۔انتظامیہ قانون نافذ کرے۔ بیوروکریسی دیانت سے کام کرے۔وزارتیں نگرانی کریں۔افسر جواب دہ ہوں۔اور جب کسی ادارے کی غفلت سے ایک جان بھی چلی جائے تو یہ نہ کہا جائے کہ حادثہ تھا، بلکہ یہ پوچھا جائے کہ حادثہ بننے سے پہلے ہم نے کیا کیا تھا؟
ہماری اصل بیماری شاید یہی ہے کہ ہم حادثے کے بعد جاگتے ہیں۔پل ٹوٹتا ہے تو تحقیقات ۔ عمارت گرتی ہے تو تحقیقات۔ٹرین حادثہ ہوتا ہے تو تحقیقات۔ہسپتال میں بچے جلتے ہیں تو تحقیقات ۔ پھر وقت گزرتا ہے۔اخبار کی سرخی بدل جاتی ہے۔حکومت کسی دوسرے مسئلے میں مصروف ہو جاتی ہے۔اور فائل کسی الماری میں سو جاتی ہے۔مگر ماں کی گود میں جو خالی جگہ بن جاتی ہے، وہ کبھی نہیں بھرتی۔پمز کے ان چودہ بچوں کا نوحہ اسی خالی جگہ کا نوحہ ہے۔اور شاید اس ملک کا سب سے بڑا المیہ یہ نہیں کہ ہمارے ادارے کمزور ہیں۔سب سے بڑا المیہ یہ ہے کہ ہم کمزوری کو معمول سمجھنے لگے ہیں۔ہمیں اب یہ معمول توڑنا ہوگا۔عدلیہ کو دبائو سے آزاد کرنا ہوگا۔ پارلیمان کو حقیقی نگرانی کا مرکز بنانا ہوگا۔ انتظامیہ کو جواب دہ بنانا ہوگا۔وزارتوں کو سیاسی بیان بازی سے نکال کر پیشہ ورانہ ذمہ داری کی طرف لانا ہوگا۔اور سب سے بڑھ کر ریاست کو یہ سمجھنا ہوگا کہ عوام اس کے لیے محض ووٹر، سائل، مریض، مدعی یا فائل نمبر نہیں۔عوام ہی ریاست ہیں۔اگر ایک نومولود بچہ ریاست کے سب سے بڑے سرکاری ہسپتال میں محفوظ نہیں تو پھر ہمیں اپنے تمام بلند بانگ دعوئوں، ترقیاتی منصوبوں، سیاسی تقریروں اور ادارہ جاتی فخر پر دوبارہ غور کرنا ہوگا۔اور اگر ایک جج اپنے فیصلے میں یہ سوچنے پر مجبور ہو کہ کہیں اس فیصلے سے کوئی طاقتور ناراض نہ ہوجائے، تو پھر انصاف کی عمارت خواہ کتنی بلند ہو، اس کی بنیاد میں ایک دراڑ ضرور موجود ہے۔اسی لیے آج ضرورت کسی ایک ادارے کو الزام دینے کی نہیں، پورے ریاستی ضمیر کو جھنجھوڑنے کی ہے۔ آٹھ دہائیاں گزر گئیں۔اب بھی اگر ہم یہ طے نہیں کر سکے کہ ریاست آئین کے تابع ہوگی یا افراد کے، ادارے قانون کے تابع ہوں گے یا طاقت کے، اور ذمہ داری عہدے سے بڑی ہوگی یا عہدہ ذمہ داری سے بڑا تو پھر ہمیں اپنے آپ سے ایک آخری سوال ضرور پوچھنا چاہیے ہم نے آزادی تو حاصل کرلی، مگر کیا ہم نے ابھی تک ایک ذمہ دار ریاست بھی حاصل کی ہے؟ملک کی سب سے بڑی عدالت کے چیف کی زبان سے نکلے الفاظ اسی سوال کا جواب مانگ رہے ہیں۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *