دنیا بھر میں لاکھوں افراد آج نایاب مکمل سورج گرہن دیکھنے کیلیے تیار
دنیا بھر میں لاکھوں افراد آج نایاب مکمل سورج گرہن کا مشاہدہ کریں گے۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق اس سورج گرہن کے دوران چاند مکمل طور پر سورج کے سامنے آجائے گا اور چند لمحوں کے لیے سورج کا بیرونی حصہ کورونا بھی نمایاں ہوگا۔
ماہرین فلکیات کے مطابق مکمل سورج گرہن گرین لینڈ، آئس لینڈ اور اسپین میں دیکھا جا سکے گا۔ شمالی بحر اوقیانوس اور شمالی روس کے بعض علاقوں میں بھی یہ منظر واضح ہوگا۔
دوسری جانب عرب ممالک میں مکمل سورج گرہن دکھائی نہیں دے گا، تاہم شمالی افریقا کے کچھ علاقوں میں سورج غیرمعمولی حد تک جزوی گرہن کا شکار ہوگا۔
الجزائر میں بعض مقامات پر چاند سورج کے تقریباً 96 فیصد حصے کو ڈھانپ لے گا۔ یہ منظر خطے میں سورج گرہن کا سب سے نمایاں نظارہ ہوگا۔
اسی طرح مراکش کے دارالحکومت رباط میں سورج کا تقریباً 88 فیصد حصہ گرہن زدہ ہوگا۔ تیونس میں یہ شرح تقریباً 50 فیصد رہنے کی توقع ہے، جبکہ موریطانیہ میں 46 فیصد تک گرہن ہوگا۔
ماہرین نے سورج گرہن کے مشاہدے کے حوالے سے شہریوں کو خصوصی احتیاط کی ہدایت کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ براہِ راست سورج کی طرف دیکھنا آنکھوں کے لیے خطرناک ہوسکتا ہے۔
ماہرین فلکیات نے واضح کیا کہ گرہن دیکھنے کے لیے منظور شدہ سولر ایکلیپس چشمے استعمال کیے جائیں۔ محفوظ مشاہداتی آلات بھی استعمال کیے جاسکتے ہیں، تاکہ آنکھوں کو نقصان سے محفوظ رکھا جاسکے۔