ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز میں شاندار کارکردگی، بابر اعظم نے عمران خان کا تاریخی ریکارڈ برابر کر دیا
پورٹ آف اسپین:پاکستان کے ٹیسٹ کپتان بابر اعظم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سابق کپتان عمران خان کا تاریخی ریکارڈ برابر کر دیا۔
پاکستان نے سیریز کے دوسرے اور فیصلہ کن ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔
بابر اعظم نے پوری سیریز میں عمدہ فارم برقرار رکھی اور 4 اننگز میں 193 رنز 96.50 کی شاندار اوسط سے اسکور کیے، جس کے ساتھ وہ سیریز کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر بھی رہے۔
پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں بابر 23 رنز بنا سکے، تاہم دوسری اننگز میں انہوں نے ذمہ دارانہ نصف سنچری اسکور کی۔ دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں ان کی 88 رنز کی قیمتی اننگز نے پاکستان کو 43 رنز کی اہم برتری دلانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
دوسرے ٹیسٹ کی آخری اننگز میں بابر اعظم نے صرف 30 گیندوں پر ناقابلِ شکست 24 رنز بنائے، جس میں 2 چھکے اور 2 چوکے شامل تھے، اور پاکستان نے 75 رنز کا ہدف صرف دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
سیریز میں مسلسل عمدہ کارکردگی کے اعتراف میں بابر اعظم کو ویسٹ انڈیز کے آل راؤنڈر جسٹن گریوز کے ساتھ مشترکہ طور پر پلیئر آف دی سیریز قرار دیا گیا۔ جسٹن گریوز نے سیریز کے دوران 4 اننگز میں 111 رنز بنانے کے ساتھ 7 وکٹیں بھی اپنے نام کیں۔
اس اعزاز کے ساتھ ہی بابر اعظم نے پاکستان کی جانب سے بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے زیادہ پلیئر آف دی سیریز ایوارڈز جیتنے کا تاریخی ریکارڈ بھی برابر کر دیا۔
ویسٹ انڈیز کے خلاف یہ ان کے ٹیسٹ کیریئر کا پہلا پلیئر آف دی سیریز ایوارڈ تھا، جبکہ بین الاقوامی کرکٹ میں مجموعی طور پر یہ ان کا 10واں ایوارڈ ہے۔
بابر اعظم اس سے قبل ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 5 اور ون ڈے انٹرنیشنل میں 4 مرتبہ پلیئر آف دی سیریز کا اعزاز اپنے نام کر چکے ہیں۔
دسویں پلیئر آف دی سیریز ایوارڈ کے ساتھ بابر اعظم نے سابق کپتان عمران خان اور لیجنڈری فاسٹ بولر وسیم اکرم کے تاریخی ریکارڈ کی برابری کر لی۔ اب یہ تینوں پاکستان کی جانب سے بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے زیادہ 10 پلیئر آف دی سیریز ایوارڈز جیتنے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں مشترکہ طور پر سرفہرست ہیں، جبکہ سابق کپتان وقار یونس 9 ایوارڈز کے ساتھ چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔