| |

جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل امیرالعظیم کی نمازِ جنازہ ادا،سپردخاک کردیاگیا: وزیراعظم سمیت سیاسی مذہبی شخصیات کی تعزیت

لاہور: جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل امیرالعظیم کی نمازِ جنازہ جمعرات کو جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ لاہور میں ادا کر دی گئی، جس میں سیاسی، مذہبی، سماجی، صحافتی اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔نمازِ جنازہ کی امامت امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے کرائی۔

نمازِ جنازہ میں وفاقی وزیر احسن اقبال، سابق وزیر خارجہ خورشید محمود قصوری، سابق وفاقی وزیر محمد علی درانی، جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما مولانا امجد خان، جمعیت اہلحدیث کے سربراہ ابتسام الٰہی ظہیر، جماعت اسلامی کے نائب امراء، صوبائی امراء، مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنما، وکلاء، صحافی، اساتذہ، تاجروں، کسانوں، مزدور تنظیموں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں سمیت بڑی تعداد میں افراد شریک ہوئے۔ اقلیتی برادری کے نمائندوں نے بھی نمازِ جنازہ میں شرکت کر کے اظہارِ تعزیت کیا۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان نے مرحوم کی دینی، ملی اور تنظیمی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ امیرالعظیم نے اپنی پوری زندگی اقامتِ دین، اسلامی نظام کے قیام اور جماعت اسلامی کی مضبوطی کے لیے وقف کیے رکھی۔ ان کا کہنا تھا کہ مرحوم بہترین اخلاق، سادگی، کارکنوں سے محبت اور تنظیمی صلاحیتوں کے باعث ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ امیرالعظیم نے کینسر جیسے موذی مرض کا انتہائی صبر اور استقامت سے مقابلہ کیا اور بیماری کے باوجود آخری وقت تک جماعت اسلامی کی تنظیمی ذمہ داریاں پوری لگن سے انجام دیتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ امیرالعظیم کارکنوں کے لیے عملی نمونہ تھے اور ان کی جدوجہد نئی نسل کے لیے مشعلِ راہ رہے گی۔

اس موقع پر جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے مرحوم کے ساتھ اپنی نصف صدی سے زائد تحریکی رفاقت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ امیرالعظیم نے ہر ذمہ داری انتہائی دیانت داری، اخلاص اور ثابت قدمی سے نبھائی۔مرحوم کی تنظیمی خدمات جماعت اسلامی کی تاریخ کا اہم باب ہیں۔

امیرالعظیم بدھ کی شب کینسر کے باعث انتقال کر گئے تھے۔ وہ گزشتہ کچھ عرصے سے زیر علاج تھے، تاہم بیماری کے باوجود جماعت اسلامی کی سرگرمیوں میں بھرپور کردار ادا کرتے رہے۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، مولانا فضل الرحمان، عوامی نیشنل پارٹی کے صدر ایمل ولی خان، جمعیت علمائے پاکستان، تحریک تحفظ آئین پاکستان، جماعت اسلامی بنگلہ دیش، مرکزی علماء کونسل پاکستان اور دیگر سیاسی و مذہبی رہنماؤں نے امیرالعظیم کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی دینی، قومی اور سیاسی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

تعزیتی پیغامات میں مرحوم کو ایک باوقار، مدبر، باکردار اور نظریاتی رہنما قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، جبکہ اللہ تعالیٰ سے ان کی مغفرت، درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی گئی۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *