گڈز ٹرانسپورٹ نے 8 اگست سے ملک گیر غیر معینہ مدت کی ہڑتال کا اعلان کردیا
کارچی: آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے اپنے مطالبات منظور نہ ہونے پر 8 اگست سے ملک بھر میں غیر معینہ مدت کی ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔
اتحاد کی جانب سے کہا گیا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو مطالبات پیش کر دیے گئے ہیں اور منظوری تک احتجاج جاری رکھا جائے گا۔
کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اتحاد کے رہنما ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ ملک بھر کی ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشنز اس فیصلے پر متفق ہیں۔ انہوں نے وفاقی وزیر پیٹرولیم پرویز علی ملک سے استعفے کا بھی مطالبہ کیا اور کہا کہ موجودہ پالیسیوں نے ٹرانسپورٹ شعبے کے مسائل میں اضافہ کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ٹرانسپورٹرز کا مطالبہ ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا روزانہ تعین ختم کر کے دوبارہ ماہانہ بنیاد پر مقرر کیا جائے۔ مزید یہ کہ حالیہ قیمتوں میں اضافے واپس لیے جائیں اور ٹول ٹیکس کو 30 جون 2024 کی سطح پر بحال کیا جائے۔
ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ گڈز ٹرانسپورٹ پر عائد 7 فیصد ودہولڈنگ ٹیکس ختم کر کے اسے آئل ٹینکرز کی طرح 2 فیصد کیا جائے۔ انہوں نے ایکسل لوڈ قوانین پر سختی سے عملدرآمد، اوورلوڈنگ کے خاتمے، کسٹمز کے ایس آر او 1619/2024 کی منسوخی اور ایچ ٹی وی لائسنس کے اجرا کے طریقہ کار میں آسانی کا بھی مطالبہ کیا۔
انہوں نے کراچی پورٹ اور پورٹ قاسم کے قریب پارکنگ کی سہولت فراہم کرنے، بلوچستان میں ٹرانسپورٹرز کی گاڑیوں کو نذر آتش کرنے کے واقعات کی روک تھام اور امن و امان بہتر بنانے کا مطالبہ بھی دہرایا۔
علاوہ ازیں 20 سال پرانی گاڑیوں پر پابندی، روڈ حادثات میں 97 لاکھ روپے دیت کے قانون اور سندھ میں تھرڈ پارٹی انشورنس کے نام پر مبینہ غیر قانونی وصولیوں کو فوری ختم کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔