|

ایران نے مصر کی بندرگاہ پر 2 جہازوں کو ڈرونز سے نشانہ بنانے کو اسرائیل کا فالس فلیگ آپریشن قرار دیدیا

ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے مصر کی بندرگاہ پر دو جہازوں کو ڈرون حملوں کا نشانہ بنائے جانے کے واقعے کو اسرائیل کا “فالس فلیگ آپریشن” قرار دیا ہے۔

عباس عراقچی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ ایران مصر کو اپنا قریبی دوست اور خطے میں ایک اہم شراکت دار سمجھتا ہے، جبکہ مصر کی سلامتی ایران کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ خطے کے تمام ممالک کو اسرائیل کی مبینہ سازشوں اور ایسے فالس فلیگ آپریشنز سے ہوشیار رہنا چاہیے، جن کا مقصد خطے کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانا ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ کے مطابق موجودہ خطرہ واضح اور مشترکہ ہے، جو مسلم دنیا کے اتحاد کو متاثر کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

ادھر مصر نے ان خبروں کی سختی سے تردید کر دی ہے جن میں بندرگاہ پر ہونے والے حملے کا الزام ایران پر عائد کیے جانے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔ مصری وزیر اطلاعات نے کہا کہ اس حوالے سے گردش کرنے والی میڈیا رپورٹس بے بنیاد اور حقیقت کے منافی ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ مصر کی دمیاط بندرگاہ پر ڈرون حملہ ہوا، جس کے نتیجے میں دو جہازوں میں آگ بھڑک اٹھی تھی۔

برطانوی بحری سکیورٹی کمپنی نے دعویٰ کیا تھا کہ حملے میں ایک امریکی گیس اسٹوریج ٹینکر کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *