اسلام آباد ہائیکورٹ: ججز تعیناتی کی سمری منظور نہ ہونے پر صدر، وزیراعظم کو نوٹس، کل جواب طلب کرلیا
اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) اسلام آباد ہائیکورٹ نے نئے ججز کی تعیناتی سے متعلق سمری کی منظوری نہ ہونے کے معاملے پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم کو سیکرٹریز کے ذریعے کل کے لیے نوٹس جاری کر دیئے۔
عدالت نے صدر مملکت کی جانب سے سمری کی منظوری نہ ہونے کے خلاف دائر درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے وزارتِ قانون سے بھی کل تک جواب طلب کر لیا۔ عدالت نے استفسار کیا کہ ججز کی تعیناتی کی سمری اس وقت کس مرحلے پر رکی ہوئی ہے؟
درخواست گزار لقمان ظفر کی جانب سے زاہد آصف چودھری نے کیس کی پیروی کی۔ سماعت کے دوران جسٹس ارباب محمد طاہر نے وفاقی حکومت پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔
جسٹس ارباب محمد طاہر نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت کیا کر رہی ہے؟ کیا آپ کی کوئی دلچسپی نہیں؟ ایسا لگتا ہے وفاقی حکومت کو اس معاملے میں کوئی دلچسپی نہیں۔ ہم نے سوچا تھا وفاقی حکومت اپنی ذمہ داری پوری کرے گی لیکن ایسا نہیں ہوا۔
عدالت نے استفسار کیا کہ سمری کس مرحلے پر ہے اور کیا حکومت کو اس بارے میں کچھ معلوم ہے؟ اعلیٰ عدلیہ کے ججز کی تعیناتی کے ساتھ کیا ہو رہا ہے؟ سندھ اور پشاور ہائیکورٹس کے ججز کی کنفرمیشن بھی جوڈیشل کمیشن کی منظوری کے باوجود رکی ہوئی ہے۔
جسٹس ارباب محمد طاہر نے ریمارکس دیئے کہ اس طرح سمری کو رکھ کر بیٹھا نہیں جا سکتا، پہلے تو 15 دن نہیں ہوئے تھے، اب 18 دن گزر چکے ہیں۔
وکیل زاہد آصف چودھری نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ آئین اس معاملے پر بالکل واضح ہے، وقت گزرنے کے بعد کی صورتحال بھی آئین میں بیان کی گئی ہے، صدر اس طرح سمری کو روک کر نہیں بیٹھ سکتے۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل راشد حفیظ نے عدالت کو بتایا کہ صدر اب سمری مسترد بھی نہیں کر سکتے۔
جسٹس ارباب محمد طاہر نے ریمارکس دیئے کہ صدر کے اختیار کا معاملہ بعد میں دیکھیں گے، ابھی وفاقی حکومت یہ بتائے کہ 15 دن گزرنے کے بعد اس نے کیا کیا ہے؟ اسلام آباد ہائیکورٹ کے نئے تعینات ہونے والے ججز کا معاملہ لٹکا ہوا ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی حکومت سے کل تک جواب طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔