حج 2027 کا پورا عمل ڈیجیٹل، عازمین گھر بیٹھے درخواست اور ادائیگی کر سکیں گے، سردار محمد یوسف
اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر حج 2027 کے پورے عمل کو اینڈ ٹو اینڈ ڈیجیٹلائز کر دیا گیا ہے، جس کے تحت عازمین گھر بیٹھے پاک حج ایپ اور ڈیجیٹل پورٹل کے ذریعے چند منٹ میں درخواست اور ادائیگی کا عمل مکمل کر سکیں گے۔
اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے سردار محمد یوسف نے بتایا کہ تقریباً 4 لاکھ پری رجسٹرڈ عازمین حج درخواستوں کے حتمی مرحلے میں داخل ہو گئے ہیں۔ ڈیجیٹل نظام کا مقصد عازمین کو طویل قطاروں، غیر ضروری سفر اور اضافی اخراجات سے بچانا ہے۔
وفاقی وزیر کے مطابق حج واجبات کی ادائیگی کے لیے 3 ڈیجیٹل ذرائع فراہم کیے گئے ہیں، جن کے ذریعے عازمین گھر بیٹھے ادائیگی کر سکیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ سرکاری حج سکیم 2027 کے تحت ایک لاکھ 7 ہزار 526 نشستیں مختص کی گئی ہیں، جبکہ 40 روزہ لانگ حج سکیم کا پیکیج 12 لاکھ روپے مقرر کیا گیا ہے۔
وزارتِ مذہبی امور کے مطابق حج 2027 کی پہلی قسط کی وصولی 17 اگست سے شروع ہوگی اور منتخب حج پیکیج کی 50 فیصد رقم پہلی قسط میں جمع کرانا لازمی ہوگی۔
سردار محمد یوسف نے بتایا کہ حبیب بینک لمیٹڈ کو وزارتِ مذہبی امور کا مجاز بینکنگ پارٹنر مقرر کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں وزارتِ مذہبی امور اور حبیب بینک کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط بھی کیے گئے۔
حبیب بینک کے نمائندے محمد اسد خان نے کہا کہ بینک کو عازمین حج کی خدمت کا موقع ملنے پر خوشی ہے۔ حبیب بینک ملک بھر میں 1700 سے زائد برانچز کے ذریعے عازمین کو خدمات فراہم کرے گا جبکہ اسلامی بینکاری کے تحت عازمین سے کوئی اضافی چارجز وصول نہیں کیے جائیں گے۔
وفاقی وزیر مذہبی امور کا کہنا تھا کہ حج کے پورے عمل کی ڈیجیٹلائزیشن عازمین کو آسان، شفاف اور تیز رفتار خدمات فراہم کرنے کی جانب اہم قدم ہے۔