جدہ ایئرپورٹ پر
|

جدہ ایئرپورٹ پر پی آئی اے طیارے کے انجن میں آگ کا شبہ، مسافروں کا ہنگامی انخلا

کراچی سے جدہ پہنچنے والی پی آئی اے کی پرواز کے طیارے میں جدہ ایئرپورٹ پر پارکنگ کے دوران انجن نمبر 2 میں آگ لگنے کی اطلاع پر مسافروں کا ہنگامی انخلا کرایا گیا، پی آئی اے ترجمان نے طیارے میں آگ لگنے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ تفصیلی جانچ کے بعد آگ کا شبہ غلط ثابت ہوا۔

ذرائع کے مطابق ایئربس طیارہ جدہ ایئرپورٹ کے پارکنگ اسٹینڈ پر پہنچا تو دوران پارکنگ انجن میں آگ لگنے کی اطلاع ملی، جس پر پائلٹ نے ایس او پیز کے تحت مسافروں کے ہنگامی انخلا کا عمل شروع کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مسافروں کو طیارے کے ہنگامی اخراج کے راستوں سے سلائیڈز کے ذریعے بحفاظت باہر نکالا گیا۔ اس دوران بعض مسافروں کو معمولی چوٹیں آنے کی اطلاعات ہیں، جنہیں طبی معائنے اور علاج کے لیے جدہ ایئرپورٹ کے کلینک منتقل کیا گیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی جدہ ایئرپورٹ کے فائر اینڈ ریسکیو حکام بھی فائر بریگیڈ کے ہمراہ طیارے کے قریب پہنچ گئے۔ پی آئی اے جدہ حکام نے ایئرپورٹ کے متعلقہ حکام اور سکیورٹی ڈپارٹمنٹ کو بھی فوری طور پر صورت حال سے آگاہ کیا۔

ذرائع کے مطابق جدہ ایئرپورٹ حکام نے پی آئی اے کے عملے سے بھی واقعے سے متعلق پوچھ گچھ کی اور طیارے کی صورت حال کا جائزہ لیا۔

دوسری جانب پی آئی اے کے ترجمان نے طیارے میں آگ لگنے کی تردید کرتے ہوئے وضاحت کی کہ طیارے نے جدہ ایئرپورٹ پر معمول کے مطابق لینڈنگ کی تھی اور جیٹی پر پارکنگ کے دوران گراؤنڈ اسٹاف نے ایک انجن میں آگ لگنے کا شبہ ظاہر کیا۔

ترجمان کے مطابق گراؤنڈ اسٹاف کی جانب سے آگ کے شبہے کے بعد پائلٹ نے حفاظتی ایس او پیز کے تحت مسافروں کو طیارے سے باہر نکالنے کا فیصلہ کیا اور ایمرجنسی سلائیڈز کھول دی گئیں۔

پی آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ کچھ مسافر جیٹی کے ذریعے جبکہ دیگر ایمرجنسی سلائیڈز کے ذریعے طیارے سے باہر آئے، کارروائی کے دوران کوئی مسافر زخمی نہیں ہوا اور تمام مسافر محفوظ ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ طیارے کی تفصیلی جانچ پڑتال کے بعد آگ لگنے کا شبہ غلط ثابت ہوا اور کسی حقیقی آگ کی تصدیق نہیں ہوئی، واقعے کے باعث متاثرہ طیارے کی جدہ سے لاہور جانے والی پرواز بھی تاخیر کا شکار ہوگئی۔ پرواز میں 20 سے 22 گھنٹے تک تاخیر ہوئی۔

ترجمان کے مطابق جدہ سے لاہور جانے والی پرواز کے 40 مسافروں کو ہوٹل منتقل کردیا گیا جبکہ دیگر مسافر اپنے گھروں کو چلے گئے، طیارے کی مکمل تکنیکی جانچ اور ضروری کارروائی کے بعد پرواز کی روانگی سے متعلق انتظامات کیے جائیں گے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *