جماعت اسلامی کراچی کی گورنرہاؤس سندھ پر کل ہونےوالے دھرنے کی تیاریاں مکمل
کراچی: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر پیٹرول لیوی بھتہ ٹیکس کی ظالمانہ وصولی کے خلاف اور پیٹرول کی قیمتیں فوری طور پر کم کرنے کے لیے 7اگست کے ملک گیر احتجاج کے بعد اگلے مرحلے میں اتوار16اگست کو چاروں صوبائی دارالخلافوں میں دھرنوں کے اعلان کے سلسلے میں کراچی میں سندھ گورنر ہاؤس کے سامنے بھی دھرنا ہوگا۔
جماعت اسلامی کراچی کی جانب سے دھرنے کی تیاریاں اور انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، دھرنے کے شرکاء شہر بھر سے امراء اضلاع و دیگر ذمہ داران کی قیادت میں قافلوں کی صورت میں شام 4بجے مسجد خضراء صدر پہنچیں گے، وہاں سے امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان کی قیادت میں مارچ کی صورت میں گورنر ہاؤس کی طرف روانہ ہوں گے۔
دھرنے کے حوالے سے جماعت اسلامی کے کارکنوں و عام شہریوں بالخصوص نوجوانوں میں زبردست جوش و خروش پایا جاتا ہے کیونکہ پیٹرول کی بھاری قیمتوں کے باعث ہر شہری اور ہر شعبہ زندگی سے وابستہ افراد شدید متاثر ہو رہے ہیں اور عام نوجوان اور طالب علم بھی روزانہ ہر لیٹر پیٹرول پر تقریباً130روپے پیٹرول لیوی بھتہ ٹیکس دے رہا ہے، جماعت اسلامی کا دھرنا ہر نوجوان، طالب علم اور ہر شہری کے دل کی آواز اور ترجمان ہوگا۔