کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان
کراچی: محکمہ موسمیات نے کراچی کے شہریوں کے لیے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم کے حوالے سے اہم پیش گوئی جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر میں مطلع زیادہ تر ابرآلود رہے گا جبکہ مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی شدت کی بارش کا امکان ہے۔
ماہرین موسمیات کے مطابق سمندری ہواؤں اور مون سون ہواؤں کے اثرات کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں درمیانی درجے کی بارش ریکارڈ کی جا سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے حکام کے مطابق آج شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 28.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ دن کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔ بادلوں کی موجودگی کے باعث اگرچہ درجہ حرارت میں معمولی کمی محسوس کی جا سکتی ہے، ہوا میں نمی کا تناسب زیادہ ہونے کی وجہ سے حبس کی کیفیت برقرار رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اس وقت شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 78 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ جنوب مغرب سے سمندری ہوائیں 11 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں، سمندری ہواؤں کا یہ سلسلہ برقرار رہنے کی صورت میں موسم نسبتاً خوشگوار رہ سکتا ہے، نمی میں اضافے کے باعث شہریوں کو حبس کا بھی سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ مون سون سسٹم کے زیر اثر کراچی کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان موجود ہے۔ بعض علاقوں میں تیز بارش بھی ہو سکتی ہے، جس کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ ملک کے مختلف حصوں میں جاری ہے، جس کے باعث کئی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش ریکارڈ کی جا رہی ہے،کراچی میں بھی آئندہ چند روز کے دوران موسم غیر مستحکم رہ سکتا ہے اور وقفے وقفے سے بارش کے امکانات موجود ہیں۔