موبائل صارفین کے لیے بڑی خوشخبری،پی ٹی اے کا اہم اعلان
موبائل صارفین کے لیے اہم خبر سامنے آگئی، پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے پری پیڈ موبائل بیلنس کی کم از کم میعاد مقرر کردی ہے۔ نئے فیصلے کے تحت موبائل آپریٹرز کے ری چارج اور بیلنس کی مدت اب کم از کم 180 دن ہوگی۔
پی ٹی اے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صارفین کے مفادات کے تحفظ کے لیے تمام موبائل آپریٹرز کے ری چارج بیلنس کی کم از کم مدت 180 دن مقرر کی گئی ہے۔

اس فیصلے کا اطلاق یکم اکتوبر 2026 سے ہوگا۔ اس کے بعد صارفین کے ری چارج کردہ بیلنس کو مقررہ کم از کم مدت سے پہلے ختم نہیں کیا جاسکے گا۔
پی ٹی اے نے ختم ہونے والے بیلنس کے حوالے سے بھی صارفین کے لیے اہم وضاحت جاری کی ہے۔ اگر کسی صارف کے بیلنس کی میعاد ختم ہوجاتی ہے لیکن اس کی سم اب بھی قابل استعمال ہے، تو کنزیومر پروٹیکشن ریگولیشن کے تحت دوبارہ ری چارج کرنے پر ختم شدہ بیلنس خودکار طور پر بحال ہوجائے گا۔
یعنی ایسی صورت میں صارف کو اپنا سابقہ بیلنس دوبارہ حاصل کرنے کے لیے الگ سے درخواست دینے کی ضرورت نہیں ہوگی، بلکہ ری چارج کے بعد ختم شدہ رقم خودکار طور پر قابل استعمال ہوجائے گی۔
موبائل بیلنس کی میعاد سے متعلق اس فیصلے کا مقصد صارفین کو زیادہ تحفظ فراہم کرنا اور بیلنس کے حوالے سے پیدا ہونے والی مشکلات کو کم کرنا ہے۔ پی ٹی اے کے مطابق اتھارٹی صارفین کے حقوق کے تحفظ کے ساتھ ساتھ ٹیلی کمیونی کیشن کے شعبے میں منصفانہ کاروباری ماحول اور جدت کے فروغ کے لیے بھی اقدامات کررہی ہے۔
صارفین کے لیے بہتر ہوگا کہ وہ یکم اکتوبر سے نافذ ہونے والی نئی ہدایات کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے موبائل بیلنس اور سم کی حیثیت سے متعلق معلومات بھی بروقت حاصل کرتے رہیں۔