|

پاکستان کا سعودی عرب کی سلامتی کی غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ، حوثیوں کی دھمکیوں کی مذمت

اسلام آباد: پاکستان نے مشرق وسطیٰ کی حالیہ کشیدگی کے تناظر میں سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے اپنی غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ برادر ملک کو تنازع میں گھسیٹنے کی کسی بھی کوشش پر اسے شدید تشویش ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کہا کہ پاکستان حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب اور تجارتی جہازوں کو دی جانے والی دھمکیوں کی سخت مذمت کرتا ہے، تجارتی بحری جہازوں کو لاحق خطرات نہ صرف علاقائی امن بلکہ عالمی تجارت کے لیے بھی سنگین نتائج کا باعث بن سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے بحری مفادات کے تحفظ کے لیے پُرعزم ہے اور مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے، تمام فریق تحمل اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں جبکہ پاکستان مذاکرات اور سفارتکاری کے ذریعے تنازعات کے حل کی حمایت جاری رکھے گا۔

افغانستان سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے طاہر اندرابی نے الزام عائد کیا کہ افغان طالبان حکومت دہشت گرد تنظیموں کی پشت پناہی کر رہی ہے اور افغانستان میں دہشت گردوں کے محفوظ ٹھکانے اب بھی موجود ہیں، دہشت گرد عناصر کی سرپرستی سے علاقائی امن کو خطرات لاحق ہیں اور دہشت گردی کے واقعات میں ہزاروں پاکستانی شہری جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں۔

ترجمان نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری دہشت گرد تنظیموں کی حمایت کے معاملے پر افغان طالبان کو جواب دہ ٹھہرائے، ایران کے وزیر داخلہ نے حال ہی میں وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل حافظ عاصم منیر سے ملاقاتیں کیں، جن میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

طاہر اندرابی کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے آسیان ریجنل فورم کے موقع پر مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں کیں، جن میں مشرق وسطیٰ میں امن کے قیام اور کشیدگی کے خاتمے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ انہوں نے روسی وزیر خارجہ سے بھی ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند نے حال ہی میں پاکستان کا اہم دورہ کیا، جہاں پاکستانی قیادت کے ساتھ ملاقاتوں میں تجارت، سرمایہ کاری، سکیورٹی اور دیگر شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *