معرکہ حق میں جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے سرحدوں کا دفاع کیا گیا، وزیراعظم
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ معرکہ حق میں مسلح افواج نے جدید ٹیکنالوجی، خودمختار نظام اور سائبر سکیورٹی کے ذریعے ملکی سرحدوں کا دفاع کیا۔
اسلام آباد میں انڈس روبوٹکس اینڈ آٹونومس سسٹم ایکسپو کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ یہ نمائش اور اس طرح کے اقدامات پاکستان کو 21ویں صدی کی جدید ٹیکنالوجی میں صفِ اول کے ممالک میں شامل کرنے میں معاون ثابت ہوں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سلامتی کے شعبے میں ٹیکنالوجی کا استعمال باعثِ فخر ہے، پاکستان نے جدید ٹیکنالوجی کے میدان میں اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں اور ڈرونز کی 60 فیصد سے زائد تیاری مقامی سطح پر مکمل کرلی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ معرکہ حق کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں مسلح افواج نے جدید ٹیکنالوجی کو مؤثر انداز میں استعمال کیا جبکہ فیلڈ مارشل کی سربراہی میں ائیر چیف اور نیول چیف کی معاونت بھی قابلِ تحسین رہی۔
شہباز شریف نے کہا کہ معرکہ حق میں مسلح افواج نے خودمختار نظام اور سائبر سکیورٹی کے ذریعے دفاعی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، پاکستان اپنی خودمختاری کے دفاع اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو مزید فروغ دے گا۔