|

وزیراعظم نے لیفٹیننٹ جنرل عامر رضا کو فور اسٹار جنرل کے عہدے پر ترقی دے دی

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے پاک فوج کے چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل عامر رضا، ہلال امتیاز ملٹری، ستارہ بسالت کو فور اسٹار جنرل کے عہدے پر ترقی دے دی ہے۔ ترقی کے ساتھ انہیں کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ مقرر کرنے کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے لیفٹیننٹ جنرل عامر رضا کی ترقی اور نئی ذمہ داری پر انہیں مبارکباد دی اور اس اہم منصب کی کامیاب انجام دہی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

بیان میں کہا گیا کہ جنرل عامر رضا کو نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ کی اہم ذمہ داری سونپی گئی ہے، جو ملکی دفاعی حکمت عملی میں انتہائی اہمیت کا حامل ادارہ ہے۔ نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ ملک کی اسٹریٹجک صلاحیتوں، کمانڈ اینڈ کنٹرول نظام اور قومی سلامتی سے متعلق امور میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔

جنرل عامر رضا نے پاک فوج میں طویل اور اہم خدمات انجام دی ہیں۔ انہوں نے انیس سو اٹھاسی میں پاک فوج میں کمیشن حاصل کیا۔ دورانِ سروس انہوں نے مختلف اہم کمانڈ، اسٹاف اور انتظامی عہدوں پر فرائض انجام دیے۔

انہوں نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد سے گریجویشن کی جبکہ برطانیہ کی یونیورسٹی آف نوٹنگھم سے بین الاقوامی تعلقات میں ڈگری بھی حاصل کی۔

جنرل عامر رضا کو جنوری دو ہزار پچیس میں پاک فوج کے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں چیف آف جنرل اسٹاف تعینات کیا گیا تھا۔ اس سے قبل وہ اہم فوجی ذمہ داریوں پر فائز رہ چکے ہیں، جن میں کمانڈر فور کور اور چیئرمین ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا کے عہدے بھی شامل ہیں۔

فوجی امور کے ماہرین کے مطابق چیف آف جنرل اسٹاف کا عہدہ پاک فوج میں انتہائی اہم تصور کیا جاتا ہے جبکہ نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ کی سربراہی ایک حساس اور اہم ذمہ داری ہے، جس کے لیے تجربہ کار افسر کا انتخاب کیا جاتا ہے۔

حکومت کی جانب سے جنرل عامر رضا کی ترقی اور تقرری کا اعلان ملکی دفاعی امور میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، شہباز شریف نے امید ظاہر کی ہے کہ جنرل عامر رضا اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے نئی ذمہ داریوں کو احسن انداز میں انجام دیں گے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *