قائداعظم کا پاکستان سب کا وطن ہے، اقلیتوں کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، مریم نواز
لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ قائداعظم کا پاکستان تمام شہریوں کا وطن ہے، جہاں ہر فرد کو اپنے عقیدے کے مطابق آزاد اور محفوظ زندگی گزارنے کا حق حاصل ہے، جبکہ اقلیتوں کے حقوق، عزت اور تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں مریم نواز شریف نے ملکی ترقی و خوشحالی کے لیے کردار ادا کرنے والی اقلیتی برادریوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اقلیتوں کے حقوق اور مذہبی آزادی کے تحفظ کے لیے قائداعظم محمد علی جناح کے افکار پر عمل پیرا ہونے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اقلیتیں پاکستانی معاشرے کا حسن اور سر کا تاج ہیں، ان کی عزت، تحفظ اور ترقی پنجاب حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب حکومت اقلیتی برادری کو تعلیم، ترقی اور فلاح و بہبود کے مساوی مواقع فراہم کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ ان کے مطابق پنجاب میں پہلی مرتبہ اقلیتی برادری کے لیے ’’مینارٹی کارڈ‘‘ متعارف کرایا گیا ہے، جس کے تحت مستحق اقلیتی خاندانوں کو سہ ماہی 10 ہزار 500 روپے فراہم کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کو پہلا سکھ میرج ایکٹ 2024 منظور کرنے کا اعزاز حاصل ہوا، جس کے بعد ’’آنند کارج‘‘ کو قانونی حیثیت ملی، جبکہ طویل عرصے سے زیرِ التوا ہندو میرج ایکٹ 2017 کی بھی منظوری دی گئی۔
وزیراعلیٰ کے مطابق پنجاب میں اقلیتی برادری کے لیے تعلیم، صحت اور روزگار تک آسان رسائی یقینی بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں، جبکہ رواں مالی سال اقلیتوں کے لیے ترقیاتی و غیر ترقیاتی بجٹ کے علاوہ مذہبی تہواروں کے لیے مختص گرانٹس میں بھی نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کے تاریخی گوردواروں، گرجا گھروں اور مندروں کی تعمیر و بحالی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ اقلیتی طلبہ کے لیے سکالرشپس اور یوحنا آباد میں لائیو کورسز کا بھی آغاز کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بیساکھی، ہولی، دیوالی، کرسمس اور ایسٹر جیسے مذہبی تہوار اب سرکاری سطح پر بھرپور انداز میں منائے جاتے ہیں، جبکہ اقلیتی برادری کے لیے مختص کوٹہ سسٹم پر بھی مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ حکومت اقلیتوں کے حقوق کی محافظ ہونے کے ساتھ ساتھ انہیں زندگی کے ہر شعبے میں ان کا جائز اور مساوی حصہ دینے کے لیے بھی پُرعزم ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب تیزی سے ایسے معاشرے کی جانب بڑھ رہا ہے جہاں محبت، رواداری اور باہمی احترام شناخت بنیں گے۔ اقلیتیں پاکستان کے خوبصورت رنگ ہیں اور ان رنگوں کو کبھی ماند نہیں پڑنے دیا جائے گا۔