راولپنڈی اور اسلام آباد میں تیز بارش، نالہ لئی کے بہاؤ میں اضافہ، الرٹ جاری
راولپنڈی اور اسلام آباد میں ہونے والی شدید بارش کے باعث نالہ لئی کے بہاؤ میں اضافہ ہوگیا ہے۔ گولڑہ میں 60، بوکرہ میں 31، شمس آباد اور پیرودھائی میں 25، نیو کٹاریاں میں 21 جبکہ گوالمنڈی میں 22 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
ایم ڈی واسا کے مطابق کٹاریاں کے مقام پر نالہ لئی میں پانی کی سطح 11 فٹ جبکہ گوالمنڈی پل کے مقام پر 6 فٹ تک پہنچ گئی ہے۔ صورتحال کے پیش نظر نالہ لئی اور نشیبی علاقوں میں ہیوی مشینری کے ساتھ عملہ تعینات کردیا گیا ہے، جبکہ اضافی عملہ بھی ڈیوٹی پر موجود ہے۔
موسمی صورتحال کے پیش نظر راولپنڈی میں رین ایمرجنسی نافذ ہے اور نالہ لئی سمیت دیگر نالوں کی مسلسل نگرانی کی جارہی ہے۔ ڈپٹی کمشنر کے مطابق ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام انتظامات مکمل ہیں۔ نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہونے کے بعد ضلعی انتظامیہ نے پری الرٹ جاری کرتے ہوئے اطراف میں رہائش پذیر شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔