سعودی عرب کی نئی ریاض ایئر کا پاکستان میں آغاز،پہلی پرواز کا اسلام آبادمیں استقبال
اسلام آباد: سعودی عرب کی نئی ایئرلائن نے پاکستان کے لیے باقاعدہ آغاز کردیاہے۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) کے مطابق سعودی عرب کی نئی ایئرلائن ’’ریاض ایئر‘‘نے ریاض سے اسلام آباد کے لیے اپنی پہلی پرواز RXـ660 کی آمد کے ساتھ ہی پاکستان میں اپنے باقاعدہ آپریشنز کا آغاز کر دیا ہے۔
سعودی عرب میں 20 لاکھ سے زائد پاکستانی مقیم ہیں، جس کی وجہ سے پاکستان سعودی عرب کے لیے ایک اہم ترین ایوی ایشن مارکیٹ شمار ہوتا ہے۔ ان نئے پروازوں کے راستوں سے مزدوروں، کاروباری افراد، خاندانوں اور مذہبی زائرین کی سفری ضروریات کو پورا کرنے میں مدد ملے گی، جبکہ یہ سعودی وژن 2030 کے تحت ریاض کو بین الاقوامی ایوی ایشن حب بنانے کے عزم میں بھی معاون ثابت ہو گا۔
پی اے اے کے مطابق، پہلی افتتاح پرواز جمعہ کی شام 69 مسافروں کو لے کر اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچی۔ اس موقع پر ایئرپورٹ پر افتتاحی تقریب منعقد کی گئی جس میں پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے بطورِ مہمانِ خاص شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سعودی سفیر نے دونوں ممالک کے درمیان فضائی رابطوں اور دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ریاض ایئر کی خدمات کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
پی اے اے کے بیان کے مطابق، ”ریاض ایئر کی جانب سے ریاض اور اسلام آباد کے درمیان ہفتوار 7 پروازیں چلانے کی توقع ہے، جس سے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ایک اور براہِ راست فضائی رابطہ قائم ہو گیا ہے۔” سعودی عرب کے ‘پبلک انویسٹمنٹ فنڈ’ (PIF) کی ملکیت میں چلنے والی یہ ایئرلائن مملکت کی نئی قومی ایئرلائن ہے، جس کا ہدف دہائی کے اختتام تک ریاض کو دنیا بھر کے 100 سے زائد شہروں سے جوڑنا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل پی اے اے، ایئر وائس مارشل ذیشان سعید نے بھی ایئرلائن کا خیرمقدم کیا اور ایوی ایشن کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔ بعد ازاں ریاض ایئر کی پرواز 272 مسافروں کو لے کر اسلام آباد سے روانہ ہوئی۔