سعودی عرب نے پاکستان کے لیے نئے سفیر کی تقرری کا اعلان کر دیا
ریاض: سعودی عرب نے پاکستان میں اپنے نئے سفیر کی تقرری کرتے ہوئے میجر جنرل (ر) راجح بن طامی البقمی کو اسلام آباد میں مملکت کا نمائندہ مقرر کر دیا ہے۔
سعودی حکام کے مطابق وہ جلد پاکستان پہنچ کر اپنی سفارتی ذمہ داریاں باقاعدہ طور پر سنبھالیں گے۔
اس حوالے سے جاری کیے گئے سرکاری اعلامیے کے مطابق راجح بن طامی البقمی نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی موجودگی میں سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کے سامنے اپنے عہدے کا حلف اٹھایا۔ تقریب میں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بھی شریک تھے۔
راجح بن طامی البقمی کو سعودی عرب کے تجربہ کار سفارتکاروں میں شمار کیا جاتا ہے۔ وہ مختلف ممالک میں اہم سفارتی مناصب پر خدمات انجام دے چکے ہیں اور بین الاقوامی تعلقات، سفارت کاری اور دوطرفہ تعاون کے شعبوں میں وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔
ان کی پاکستان میں تعیناتی ایسے وقت میں عمل میں آئی ہے جب اسلام آباد اور ریاض کے درمیان سیاسی، دفاعی، اقتصادی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون مسلسل فروغ پا رہا ہے۔ حالیہ برسوں میں دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان اعلیٰ سطح کے متعدد رابطے بھی ہوئے ہیں۔
مبصرین کا کہنا ہے کہ نئے سعودی سفیر کی آمد سے دونوں برادر ممالک کے درمیان سفارتی روابط مزید مستحکم ہونے، سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہونے اور مختلف شعبوں میں مشترکہ تعاون کو وسعت ملنے کی توقع ہے، جس سے پاک سعودی تعلقات کو مزید تقویت حاصل ہو سکتی ہے۔