سائبر حملوں کا
|

سائبر حملوں کا خدشہ: ایف پی ایس سی کی آن لائن رجسٹریشن 16 اگست تک معطل

اسلام آباد: یوم آزادی کے موقع پر ممکنہ سائبر حملوں کے خدشے کے پیش نظر فیڈرل پبلک سروس کمیشن (ایف پی ایس سی) نے اپنی ویب سروسز پر آن لائن درخواست اور رجسٹریشن کی سہولت عارضی طور پر معطل کردی۔

ایف پی ایس سی کی جانب سے جاری پبلک نوٹس کے مطابق ممکنہ سائبر خطرات کے پیش نظر کمیشن کی ویب سروسز کو عارضی طور پر ریڈ اونلی موڈ پر منتقل کردیا گیا ہے، جس کے باعث صارفین ویب سائٹ پر موجود معلومات دیکھ سکیں گے، آن لائن درخواست اور رجسٹریشن سمیت متعدد سہولیات دستیاب نہیں ہوں گی، ایف پی ایس سی کی ویب سروسز 13 اگست صبح 10 بجے سے 16 اگست دوپہر 12 بجے تک محدود رہیں گی۔

کمیشن نے واضح کیا ہے کہ ایم پی ٹی 2027 کی آن لائن رجسٹریشن اور درخواست جمع کرانے کی سہولت بھی عارضی طور پر بند کردی گئی ہے۔ رجسٹریشن کا عمل 16 اگست کو دوپہر 12 بجے دوبارہ شروع کردیا جائے گا۔

ایف پی ایس سی نے امیدواروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ رجسٹریشن اور آن لائن درخواستوں سے متعلق تازہ معلومات کے لیے کمیشن کے ویب نوٹس پر نظر رکھیں۔

دریں اثنا فیڈرل پبلک سروس کمیشن نے جنرل ریکروٹمنٹ کے امیدواروں سے رابطے کا نظام مزید ڈیجیٹل بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ نئے نظام کے تحت امیدواروں کو اہم معلومات ویب نوٹس، ای میل اور ایس ایم ایس کے ذریعے فراہم کی جائیں گی۔

ایف پی ایس سی کے پبلک نوٹس کے مطابق جنرل ریکروٹمنٹ کے امیدواروں کو دستاویزات کی جانچ پڑتال اور انٹرویو سے متعلق اطلاعات ویب نوٹس، ای میل اور ایس ایم ایس کے ذریعے دی جائیں گی۔

اسی طرح اگر کسی امیدوار کی درخواست مسترد کی جاتی ہے تو مسترد کیے جانے کی وجہ بھی ویب نوٹس، ای میل اور ایس ایم ایس کے ذریعے بتائی جائے گی۔

کمیشن کے مطابق نمائندگی یا نظرثانی کی درخواست مسترد ہونے کی صورت میں بھی امیدوار کو بذریعہ ویب نوٹس، ای میل اور ایس ایم ایس آگاہ کیا جائے گا۔

ایف پی ایس سی کے مطابق امیدواروں کو حتمی انتخاب سے متعلق اطلاع بھی ویب نوٹس، ای میل اور ایس ایم ایس کے ذریعے فراہم کی جائے گی۔

اس کے علاوہ تقرری کے لیے منتخب امیدواروں کو اطلاع دینے کے طریقہ کار میں بھی تبدیلی کی گئی ہے اور اب تقرری سے متعلق اطلاع ڈاک کے بجائے ای میل کے ذریعے فراہم کی جائے گی۔کمیشن کے اس اقدام کا مقصد امیدواروں تک اہم معلومات بروقت پہنچانے کے ساتھ ساتھ رابطے کے عمل کو تیز، مؤثر اور ڈیجیٹل بنانا ہے۔

ایف پی ایس سی نے امیدواروں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی درخواستوں میں درست اور فعال ای میل ایڈریس اور موبائل نمبر فراہم کریں تاکہ انہیں بھرتی کے عمل کے مختلف مراحل سے متعلق بروقت اطلاعات موصول ہوسکیں۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *