ہنگو میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 7 خوارج ہلاک، کیپٹن حمزہ اکرم شہید
ہنگو: سیکیورٹی فورسز نے ضلع ہنگو میں ایک کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران بھارتی پراکسی فتنۃ الخوارج کے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
اس کارروائی کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں کیپٹن حمزہ اکرم نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سیکیورٹی فورسز کو علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع ملی تھی۔ فورسز نے جب ٹھکانوں کو نشانہ بنایا تو دہشت گردوں نے ایک مسجد میں پناہ لے کر عبادت گاہ کا تقدس پامال کیا اور شدید مزاحمت کی۔
ہلاک ہونے والے دہشت گرد قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں اور بے گناہ شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔
آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں ضلع نارووال سے تعلق رکھنے والے 27 سالہ کیپٹن حمزہ اکرم نے اپنے دستوں کی قیادت کرتے ہوئے شہادت پائی۔
علاقے میں تاحال کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ باقی ماندہ عناصر کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ عزم استحکام کے تحت دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک ملک سے بیرونی حمایت یافتہ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ نہ ہو۔
صدر مملکت آصف زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے کیپٹن حمزہ اکرم کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے شہید کی بہادری اور جرات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے بہادر سپوتوں کی لازوال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے 7 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر کے ملک دشمن عناصر کی کمر توڑ دی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان سے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے تک ملک گیر کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی۔
پاکستان کے دفاع اور امن و سلامتی کے لیے افواجِ پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ قوم کا حوصلہ بلند ہے اور دہشت گردوں کے خلاف یہ فیصلہ کن جنگ پوری قومی یکجہتی کے ساتھ اپنے منطقی انجام تک پہنچائی جائے گی۔