| | |

آبنائے ہرمز ایران ہی کی شرائط پر کھلے گی، سپریم لیڈر کے مشیر کا اعلان

تہران: ایران نے آبنائے ہرمز کے معاملے پر اپنا سخت مؤقف برقرار رکھتے ہوئے واضح کیا ہے کہ کسی متبادل راستے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای کے سینیئر مشیر میجر جنرل محسن رضائی نے کہا کہ ایران ہرمز سے متعلق اپنے فیصلوں پر کسی دباؤ کو قبول نہیں کرے گا۔

میجر جنرل محسن رضائی نے اپنے بیان میں امریکا کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر مزید جنگی جہاز یا فوجی دستے علاقے میں بھیجے گئے تو ایران انہیں بھی نشانہ بنائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آبنائے ہرمز ایران کی شرائط کے بغیر دوبارہ نہیں کھلے گی۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران کی تنبیہ کے بعد کئی تجارتی جہاز اپنا راستہ تبدیل کر چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جو جہاز امریکی ہدایات پر عمل کرتے ہیں، وہ نقصان کا سامنا کرنے کے بعد واپس مڑنے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔

محسن رضائی نے یوکرین سے متعلق بھی اپنے بیان میں کہا کہ ایران نے 3 اہداف پر کارروائی کی تیاری مکمل کر لی تھی، تاہم انہوں نے بتایا کہ یوکرین نے ایرانی جہاز پر حملے کو اپنی غلطی تسلیم کیا، جس کے بعد ایران نے کارروائی کا ارادہ ترک کر دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس کے باوجود یوکرین کو اپنے اقدام کی قیمت ہر صورت چکانا ہوگی۔ دوسری جانب امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم ہونے کے بجائے مزید بڑھتی دکھائی دے رہی ہے۔

اُدھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر ایران کو معاہدے کے لیے آخری موقع دینے کی بات دہرائی ہے۔ وائٹ ہاؤس میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مذاکرات جاری ہیں اور متعدد خلیجی ممالک بھی اس عمل کی حمایت کر رہے ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا کہ اگر معاہدہ نہ ہوا تو ایران کو تباہ کن نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ علاوہ ازیں انہوں نے واضح کیا کہ امریکا ایران کو آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تجارتی جہازوں سے فیس وصول کرنے کی اجازت بھی نہیں دے گا۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *