|

بجلی میٹرز کی تبدیلی کیلئے صارفین کو بڑی سہولت مل گئی

اسلام آباد: بجلی میٹرز کی تبدیلی کے حوالے سے بجلی صارفین کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ وزارتِ توانائی کے اصلاحاتی اقدامات کے تحت گوجرانوالہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (گیپکو) نے خراب بجلی کے میٹروں کی تبدیلی کا دورانیہ نمایاں طور پر کم کرتے ہوئے اسے صرف ایک ماہ تک محدود کر دیا ہے۔

پاور ڈویژن کے مطابق یہ اقدام صارفین کو بہتر اور بروقت سہولیات فراہم کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔ نئی پالیسی کے تحت خراب یا ناقابل استعمال بجلی کے میٹر پہلے کے مقابلے میں کم وقت میں تبدیل کیے جائیں گے، جس سے شکایات کے ازالے میں بھی بہتری آئے گی۔

ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق وزارتِ توانائی کے اصلاحاتی پروگرام کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ گوجرانوالہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (گیپکو) نے مالی سال 2025-26 کے دوران اپنی کارکردگی میں نمایاں بہتری دکھائی ہے اور اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) کے بعد ملک کی دوسری ایسی تقسیم کار کمپنی بن گئی ہے جس کے لائن لاسز سنگل ڈیجٹ میں آ گئے ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق گیپکو کے لائن لاسز 10.43 فیصد سے کم ہو کر 9.80 فیصد کی سطح پر آ گئے ہیں، جبکہ کمپنی کی بلنگ ریکوری 100 فیصد سے بھی تجاوز کر گئی ہے، جو بجلی کے شعبے میں ایک اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ مؤثر مالی نظم و ضبط کے باعث گردشی قرضے میں گیپکو کا حصہ مسلسل صفر رہا۔ اس کے علاوہ بجلی چوری کے خلاف جاری مہم کے دوران کمپنی نے ایک سال میں کارروائیاں کرتے ہوئے 5.2 ارب روپے کی قومی بچت بھی کی۔

وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے اس کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی جدید ڈیٹا پر مبنی نگرانی کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ ان کے مطابق تمام ڈسکوز کے لائن لاسز اور ریکوری کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جا رہا ہے اور مقررہ اہداف کے حصول پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بلنگ اور ریکوری کے نظام کی مکمل ڈیجیٹلائزیشن حکومت کے توانائی اصلاحاتی منصوبے کا اہم حصہ ہے، جس سے شفافیت اور کارکردگی میں مزید بہتری آئے گی۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *