ایران جنگ میں اب تک 18 امریکی فوجی ہلاک، 624 زخمی ہوئے، پینٹاگون نے تازہ ترین اعداد و شمار جاری کردیے
امریکی محکمہ دفاع (پینٹاگون) نے ایران کے خلاف جنگ کے دوران ہلاک اور زخمی ہونے والے امریکی فوجیوں کے تازہ ترین اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں۔
پینٹاگون نے ہفتے کے روز اپنے جنگی نقصانات کے ڈیٹا بیس کو اپ ڈیٹ کرتے ہوئے 140 سے زائد مزید زخمی فوجیوں کا اندراج کیا، جبکہ حالیہ ایرانی حملوں میں ہلاک ہونے والے 4 امریکی فوجیوں کو بھی دوبارہ فہرست میں شامل کر لیا گیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق پینٹاگون کے ڈیفنس کیژولٹی اینالیسس سسٹم (DCAS) میں “اوورسیز آپریشنز” کے نام سے ایک نئی کیٹیگری متعارف کرائی گئی ہے، جس کے تحت 7 جولائی سے بیرونِ ملک فوجی کارروائیوں میں ہلاک اور زخمی ہونے والے اہلکاروں کا ریکارڈ رکھا جا رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق، اس نئی کیٹیگری کے اعداد و شمار کو آپریشن ایپک فیوری کے تازہ ڈیٹا کے ساتھ ملا کر دیکھا جائے تو 28 فروری سے ایران کے خلاف جاری جنگ میں اب تک 18 امریکی فوجی ہلاک جبکہ 624 زخمی ہو چکے ہیں۔
امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ زخمی فوجیوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جو اس سے قبل رپورٹ ہونے والے 482 زخمیوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے۔
پینٹاگون کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ہلاک ہونے والے 18 فوجیوں میں 11 کا تعلق امریکی آرمی، 6 کا امریکی ایئر فورس اور ایک کا امریکی نیوی سے ہے۔
اسی طرح زخمی ہونے والے 624 اہلکاروں میں 461 آرمی، 86 نیوی، 19 میرینز اور 58 ایئر فورس سے تعلق رکھتے ہیں۔