بھارت نے پاکستانی ہائی کمیشن کی سکیورٹی ہٹا دی، ویزا سیکشن کا احاطہ بھی ختم
نئی دہلی: بھارت نے نئی دہلی میں قائم پاکستانی ہائی کمیشن کے باہر موجود بیرونی سکیورٹی حصار ختم کرتے ہوئے عمارت کے اطراف نصب رکاوٹیں اور دیگر تنصیبات ہٹا دی ہیں۔
بھارتی حکام نے پاکستانی ہائی کمیشن کے باہر موجود ٹریفک بولارڈز اور سکیورٹی بیریئرز کو بھی ہٹا دیا جبکہ ہائی کمیشن کے ویزا سیکشن کے باہر شہریوں کی قطاریں منظم رکھنے کے لیے قائم کیا گیا خصوصی احاطہ بھی ختم کردیا گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہائی کمیشن کے باہر موجود بعض ڈھانچوں کو حکام نے مقررہ حدود سے باہر قرار دیتے ہوئے کارروائی کی۔ موقع پر مشینری کے ذریعے ان تنصیبات کو ہٹایا گیا، جس کے بعد علاقے میں ملبہ بھی دیکھا گیا۔
خیال رہےکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان سفارتی سطح پر کشیدگی برقرار ہے،یہ اقدام اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے باہر موجود بعض سکیورٹی رکاوٹیں ہٹائے جانے کے چند روز بعد سامنے آیا ہے، جسے دونوں جانب سے ایک دوسرے کے اقدامات کے جواب کے طور پر بھی دیکھا جا رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق بھارتی حکام نے کارروائی کی بنیادی وجہ ہائی کمیشن کی مقررہ حدود سے باہر قائم غیر مجاز ڈھانچوں کو قرار دیا ہے، پاکستانی ہائی کمیشن کی بیرونی سکیورٹی کے حوالے سے اس اقدام کے سفارتی اثرات کے بارے میں بھارتی حکومت کی جانب سے فوری طور پر کوئی تفصیلی وضاحت سامنے نہیں آئی۔
دوسری جانب ویزا سیکشن کے باہر قطاروں کے لیے بنائے گئے انتظامات ختم کیے جانے سے ہائی کمیشن آنے والے افراد کے لیے صورتحال بھی تبدیل ہوگئی ہے۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ عرصے میں سفارتی کشیدگی کے باعث دونوں ممالک کے سفارتی مشنز کے گرد سکیورٹی اور انتظامی اقدامات بھی باہمی تعلقات میں حساس معاملہ بنے ہوئے ہیں۔