| |

وزیر خزانہ کی آئی ایم ایف قیادت سے اہم ملاقاتیں، معاشی اصلاحات پر تبادلہ خیال

وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے واشنگٹن کے دورے کے دوران عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی اعلیٰ قیادت سے الگ الگ ملاقاتیں کیں، جن میں پاکستان کی موجودہ معاشی صورتحال، جاری اصلاحاتی پروگرام اور آئندہ اقتصادی اہداف پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف کے فرسٹ ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر ڈین کٹز، ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر نائجل کلارک، مشرق وسطیٰ و وسطی ایشیا کے شعبے کے ڈائریکٹر جہاد ازور اور پاکستان مشن کی سربراہ ایوا پیٹرووا سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔

ان اہم ملاقاتوں میں پاکستان کی میکرو اکنامک صورتحال، ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسلٹی، ریزیلیئنس اینڈ سسٹین ایبلٹی فیسلٹی اور آئی ایم ایف کے تعاون سے جاری اصلاحاتی پروگرام پر ہونے والی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ فریقین نے جاری معاشی اصلاحات کے مختلف پہلوؤں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

محمد اورنگزیب نے اس موقع پر حکومت کی معاشی پالیسیوں کے نتائج کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مالیاتی استحکام، محصولات میں بہتری، بیرونی شعبے میں توازن، زرمبادلہ کے ذخائر، ریکارڈ ترسیلات زر اور کرنٹ اکاؤنٹ کی صورتحال میں مثبت تبدیلی معیشت کی بحالی کی علامت ہیں۔ انہوں نے ان اشاریوں کو اصلاحاتی اقدامات کا نتیجہ قرار دیا۔

بات چیت کے دوران ٹیکس اور توانائی کے شعبوں میں اصلاحات، نجکاری، ٹیرف ریشنلائزیشن، قرضوں کے بہتر انتظام، مالی وسائل میں تنوع اور عالمی کیپٹل مارکیٹوں میں پاکستان کی واپسی جیسے اہم اقتصادی امور بھی زیر غور آئے۔

اس کے علاوہ انسانی وسائل کی ترقی، خواتین کی معاشی شمولیت، ٹیکنالوجی پر مبنی ترقی اور برآمدات میں اضافے کو بھی مستقبل کی ترجیحات قرار دیا گیا۔

وزیر خزانہ نے اصلاحاتی پروگرام پر تعاون اور پیش رفت کے اعتراف پر آئی ایم ایف انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مالیاتی نظم و ضبط اور طویل المدتی معاشی استحکام کے لیے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *