طلبا کے لیے شاندار اعلان، رعایتی ٹکٹ کے ساتھ اضافی سامان بھی مفت
دبئی: ایمریٹس طلبا رعایتی ٹکٹ پروگرام کے تحت دنیا بھر میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبا کے لیے خصوصی سہولیات کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ نئی پیشکش کے تحت کرایوں میں رعایت، اضافی سامان ساتھ لے جانے کی اجازت اور بکنگ میں تبدیلی کے لچکدار اختیارات فراہم کیے جائیں گے۔
ایئرلائن کے مطابق 16 سے 31 سال کی عمر کے طلبا اس خصوصی آفر سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ اکانومی کلاس میں سفر کرنے والے طلبا کو کرایوں پر 10 فیصد تک رعایت دی جائے گی، جبکہ پریمیم اکانومی اور بزنس کلاس کے اہل مسافر 5 فیصد تک رعایت حاصل کر سکیں گے۔
اعلامیے کے مطابق یہ سہولت ان طلبا کے لیے دستیاب ہے جو تعلیم یا تعطیلات کی غرض سے 140 سے زائد عالمی مقامات کا سفر کریں گے۔ اس پیشکش سے فائدہ اٹھانے کے لیے بکنگ کے دوران پروموشنل کوڈ “STUDENT” استعمال کرنا ہوگا، جبکہ یہ آفر 31 مارچ 2027 تک کی جانے والی بکنگ پر لاگو ہوگی۔
ایمریٹس نے طلبا کو سامان کے حوالے سے بھی خصوصی سہولت دی ہے۔ مسافر اپنی ٹکٹ کی شرائط کے مطابق اضافی 10 کلوگرام سامان یا ایک اضافی بیگ ساتھ لے جا سکیں گے۔ تاہم کینیڈا اور امریکا جانے یا وہاں سے آنے والی پروازوں پر معمول کی بیگیج پالیسی ہی لاگو رہے گی۔
ایئرلائن کا کہنا ہے کہ اس اسکیم میں سفر کے منصوبے تبدیل ہونے کی صورت میں بکنگ میں ترمیم کی سہولت بھی شامل ہے، تاکہ طلبا اپنی تعلیمی ضروریات کے مطابق سفر کی تاریخ میں آسانی سے تبدیلی کر سکیں۔ البتہ تبدیلی سے متعلق مخصوص شرائط اور قواعد کا اطلاق متعلقہ ٹکٹ پر ہوگا۔
ماہرین کے مطابق بیرون ملک تعلیم حاصل کرنے والے طلبا کے لیے یہ پیشکش سفری اخراجات میں کمی اور اضافی سہولت فراہم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔