آبنائے ہرمز میں
| |

آبنائے ہرمز میں امریکی اور ایرانی بحری افواج آمنے سامنے، تناؤ میں نمایاں اضافہ

واشنگٹن: خلیج عمان اور آبنائے ہرمز میں امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی میں اس وقت مزید اضافہ ہوا جب امریکی فوج نے ایرانی پاسداران انقلاب کی جانب سے اپنے بغیر پائلٹ بحری جہاز کو قبضے میں لینے کی کوشش ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ایرانی کشتیوں نے نگرانی کرنے والے ڈرون کو اپنے قبضے میں لینے کی کوشش کی، تاہم بروقت کارروائی سے صورتحال قابو میں رہی۔

سینٹاکام کے ترجمان کیپٹن ٹم ہاکنز نے میڈیا کو بتایا کہ ایرانی چھوٹی کشتیوں کی جانب سے امریکی بحری ڈرون کو تحویل میں لینے کی کوشش کو امریکی فورسز نے ناکام بنا دیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکی افواج نے اس کارروائی کے دوران 2 ایرانی کشتیوں کو بھی نشانہ بنایا۔ یہ ڈرون سمندری نگرانی اور آپریشنز کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں اور بدستور امریکی فوج کے کنٹرول میں ہیں۔

دوسری جانب ایرانی حکام نے امریکی الزامات کو مسترد کرتے ہوئے اپنی جانب سے سنگین نوعیت کا دعویٰ کیا ہے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق امریکی ہیلی کاپٹر نے ہرمزگان صوبے کے ساحلی علاقوں میں 2 ماہی گیری کی کشتیوں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں کئی ماہی گیر لاپتا ہو گئے ہیں۔

ایران نے اس واقعے کو اپنے شہریوں اور ملکی اثاثوں پر حملہ قرار دیا ہے اور ماہی گیروں کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی ڈرونز کے قبضے کے حوالے سے دونوں ممالک کے درمیان شدید تناؤ پیدا ہو چکا ہے۔

چند روز قبل ایران نے ایک امریکی زیرِ آب ڈرون کو قبضے میں لینے کا دعویٰ کیا تھا، جس پر امریکا نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ ڈرون تکنیکی خرابی کے باعث غیر فعال ہو کر سمندر میں ڈوب گیا تھا۔

حالیہ واقعات نے خطے میں سمندری سلامتی کے حوالے سے نئی بحث چھیڑ دی ہے، کیونکہ دونوں ممالک کے بحری جہاز آبنائے ہرمز میں مسلسل ایک دوسرے کے مدمقابل نظر آتے ہیں۔

بین الاقوامی مبصرین نے اس بڑھتی ہوئی کشیدگی کو عالمی تجارت اور سمندری راستوں کے تحفظ کے لیے تشویشناک قرار دیا ہے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *