آزاد کشمیرمیں شفاف انتخابات نہیں دھاندلی زدہ تھے،حکومت کی الٹی گنتی شروع ہوچکی: بلاول بھٹو
اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی الٹی گنتی شروع ہوچکی ہے۔
سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر بلاول بھٹو نے اپنے ویڈیو پیغام میں آزاد کشمیر کے علاقے باغ میں جلسے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پونچھ والوں! میں آرہا ہوں، آپ تیاری کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ صاف و شفاف انتخابات نہیں بلکہ دھاندلی زدہ الیکشن تھے، یہ گولی الیکشن تھے، یہ قاتل الیکشن تھے، یہ خونی الیکشن تھے، اس سب کے باوجود آپ نے پاکستان پیپلزپارٹی کو نو انتخابی نشستوں پر کامیاب کروایا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ میرپور اور مظفرآباد میں جو سیٹیں آپ سے چوری کی گئی ہیں، وہ انشاء اللہ تعالیٰ میں آپ کو دلواؤں گا۔ آپ نے چار اگست کو باذل نقوی اور جاوید ایوب کو مظفرآباد سے جتوانا اور مسلم لیگ ن کی سازش ناکام کرنا ہے۔
پی پی چیئرمین نے کہا کہ 10 اگست کو پونچھ کی باری ہے، میں پونچھ آرہا ہوں، میں انشاء اللہ تعالیٰ باغ میں جلسہ کروں گا۔ پاکستان پیپلزپارٹی ہمت نہیں ہارتی، ہم پیچھے نہیں ہٹتے اور ہم کبھی میدان نہیں چھوڑتے، آپ اپنی تیاری کریں۔