روس کے یوکرین پررواں سال کے مہلک ترین بڑے حملے: 21 افراد ہلاک،درجنوں زخمی
کیف: روس نے یوکرین پر بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز سے بڑے پیمانے پر حملے کئے ہیں۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یوکرینی فضائیہ نے بتایا کہ روس نے حملے کے دوران 24 بیلسٹک میزائل، چار اینٹی شپ میزائل اور 115 ڈرون داغے جن میں سے ملکی فضائی دفاعی نظام نے 98 ڈرون تباہ کر دیے۔ ان فضائی حملوں میں رہائشی عمارتوں، ریلوے اسٹیشن، گودام اور دیگر شہری تنصیبات نشانہ بنایا جبکہ کئی مقامات پر شدید آگ بھی بھڑک اٹھی۔رہائشی عمارتیں منہدم ہوگئیں اور منوں مٹی تلے درجنوں افراد دب گئے۔
دارالحکومت کیف کے میئر نے خدشہ ظاہر کیا کہ کئی افراد اب بھی ملبے تلے دبے ہو سکتے ہیں جہاں 3 افراد کی ہلاکت اور 16 کے زخمی ہونے کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ دارالحکومت کے گرد و نواح میں 18 افراد جان سے گئے اور 29 زخمی ہوئے۔اس طرح روس کے یوکرین پر ان تازہ حملوں میں مجموعی طور پر 21 افراد ہلاک اور 45 سے زائد زخمی ہوگئے۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ روس کے اس حملے کو رواں برس کیف پر ہونے والے مہلک ترین حملوں میں سے ایک قرار دیا جا رہا ہے۔
یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی نے حملے کے بعد اپنے بیان میں شکوہ کیا کہ اگر اتحادی ممالک بیلسٹک میزائل روکنے والے انٹرسیپٹر بروقت فراہم کرتے تو بہت سی جانیں بچائی جا سکتی تھیں۔انھوں نے نیٹو رکن ممالک کا نام لیے بغیر کہا کہ یوکرینی فوج کو فضائی دفاعی نظام کی فراہمی میں تاخیر پر بھاری جانی اور مالی نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔ رواں برس اتحادی ممالک کے میزائل انٹرسیپٹرز فراہم نہ کرنے سے روسی حملوں کا مقابلہ کرنا مزید مشکل ہو گیا۔