آبنائے ہرمز کھولنے کے لیے جاری مذاکرات میں پیش رفت ہوئی ہے: مارکو روبیو
واشنگٹن: امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز کو دوبارہ مکمل طور پر کھولنے کے لیے جاری مذاکرات میں پیش رفت ہوئی ہے اور امریکا کو امید ہے کہ معاہدہ بہت جلد طے پا جائے گا۔
مارکو روبیو نے کہا کہ آبنائے ہرمز کے بارے میں حتمی طور پر کچھ کہنا اس وقت اہم نہیں، تاہم مذاکرات مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ امریکا کو توقع ہے کہ آبنائے ہرمز سے متعلق معاہدہ جلد طے پا جائے گا، جس کے بعد تجارتی جہازوں کی محفوظ اور آزادانہ آمدورفت مزید بہتر ہو سکے گی۔
امریکی وزیر خارجہ کے مطابق مذاکراتی عمل جاری ہے اور تمام متعلقہ فریق اس اہم بحری گزرگاہ میں استحکام برقرار رکھنے کے لیے رابطے میں ہیں۔
قبل ازیں وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ آبنائے ہرمز سے متعلق معاملہ جلد کسی ایک نتیجے پر پہنچ جائے گا اور یہ کوئی پیچیدہ مسئلہ نہیں ہے، آبنائے ہرمز کا کھلنا پہلے مرحلے کی کامیابی ہوگی، جبکہ دوسرے مرحلے میں ایران کے جوہری معاملے پر بات چیت کی جائے گی۔