مریم اورنگزیب کا آزاد کشمیر میں ن لیگ کی کامیابی کا دعویٰ، مخالفین کو ترقیاتی منصوبے دکھانے کا چیلنج
راولپنڈی: صوبائی وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کی محرومیوں کا ازالہ مسلم لیگ ن ہی کر سکتی ہے۔ جب قائد مسلم لیگ ن محمد نواز شریف اور وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز آزاد کشمیر گئے تو مخالفین کی پریشانی بڑھ گئی اور ان کے ردعمل سامنے آنے لگے۔
راولپنڈی میں مسلم لیگ ن کی انتخابی مہم کے سلسلے میں خطاب کرتے ہوئے سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا کہ مظفرآباد نے مسلم لیگ ن کے حق میں اپنا فیصلہ سنا دیا ہے۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ انتخابی مہم میں بھرپور کردار ادا کریں اور مسلم لیگ ن کے امیدواروں کو کامیاب بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
مریم اورنگزیب نے مخالف سیاسی جماعتوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ صرف تنقید کرنے کے بجائے عملی کام کر کے دکھایا جائے،مخالفین رونے دھونے کے بجائے محمد نواز شریف کی طرح موٹرویز بنا کر دکھائیں اور محمد شہباز شریف کی طرح میٹرو سروسز کا منصوبہ شروع کر کے دکھائیں۔
سینئر وزیر پنجاب نے کہا کہ بعض لوگ الزام لگاتے ہیں کہ ترقیاتی کام صرف لاہور تک محدود ہیں، تاہم پنجاب کے ہر شہر میں جا کر دیکھا جائے تو سڑکوں، ٹرانسپورٹ اور دیگر منصوبوں پر کام ہوا ہے، آج مظفرآباد کی سڑکوں پر گرین بسیں چل رہی ہیں جو عوام کو بہتر سفری سہولت فراہم کر رہی ہیں۔
انہوں نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اٹھارہ ماہ کے عرصے میں دو لاکھ افراد کو ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ منصوبے کے تحت گھر فراہم کیے گئے،حکومت نے نوجوانوں کے لیے بھی متعدد اقدامات کیے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ مریم نواز نے ایک لاکھ طلبہ کو لیپ ٹاپ فراہم کیے جبکہ پچاس ہزار طلبہ کو ہونہار اسکالرشپس دی گئیں، عوامی فلاحی منصوبوں کے باعث ملک بھر میں لوگ پنجاب حکومت کے اقدامات کو سراہ رہے ہیں۔
سینئر وزیر پنجاب نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن کا مقصد عوامی مسائل کا حل اور ترقیاتی عمل کو آگے بڑھانا ہے۔ انہوں نے کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ پارٹی کا پیغام عوام تک پہنچائیں اور انتخابی عمل میں بھرپور شرکت کریں۔