مون سون بارشیں: ملک بھر میں 126 افراد جاں بحق، 404 زخمی
اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے 26 جون سے یکم اگست تک ملک بھر میں مون سون بارشوں کے باعث ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی رپورٹ جاری کر دی، جس کے مطابق مختلف حادثات میں 126 افراد جاں بحق جبکہ 404 افراد زخمی ہوئے۔
این ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق بارشوں کے دوران سب سے زیادہ جانی نقصان خیبرپختونخوا میں ہوا، جہاں مختلف حادثات میں 55 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں 26 بچے بھی شامل ہیں، پنجاب میں بارشوں کے باعث 47 افراد جاں بحق ہوئے، جن میں 19 بچے شامل ہیں، جبکہ صوبے میں 295 افراد زخمی ہوئے، جن میں 68 بچے بھی شامل ہیں۔
این ڈی ایم اے کے اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں مون سون بارشوں کے دوران 5 افراد جاں بحق اور 7 افراد زخمی ہوئے، جاں بحق ہونے والوں میں 2 بچے بھی شامل ہیں۔ اسی طرح بلوچستان میں بارشوں کے مختلف حادثات میں 8 افراد جاں بحق جبکہ 15 افراد زخمی ہوئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ پنجاب میں بارشوں سے متاثرہ شہریوں کے لیے 75 ریلیف کیمپ قائم کیے گئے، جہاں متاثرہ افراد کو رہائش، خوراک اور دیگر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
این ڈی ایم اے کے مطابق شدید گرمی سے شہریوں کو محفوظ رکھنے کے لیے پنجاب میں 333 ہیٹ ویو کیمپس بھی قائم کیے گئے، جہاں مجموعی طور پر 2,203 افراد کو طبی سہولیات فراہم کی گئیں، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب میں 4 ریسکیو آپریشنز کیے گئے، جن کے ذریعے 9 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ خیبرپختونخوا میں امدادی کارروائیوں کے دوران 2 افراد جبکہ سندھ میں 5 افراد کو ریسکیو کیا گیا۔
این ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ مون سون بارشوں کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں، ندی نالوں، برساتی پانی کے بہاؤ اور خطرناک مقامات سے دور رہیں تاکہ مزید جانی نقصان سے بچا جا سکے۔