نادرا نے ’’نیا قومی شناختی کارڈ‘‘ متعارف کرا دیا
اسلام آباد: نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے نیا قومی شناختی کارڈ متعارف کرا دیا ہے، جس میں روایتی چِپ کے بجائے محفوظ کیو آر کوڈ ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے۔
نادرا کے مطابق نیا شناختی کارڈ پاکستان میں تیار کیا گیا ہے اور اسے پولی کاربونیٹ مٹیریل سے بنایا گیا ہے۔ نئے کارڈ میں درآمدی مائیکرو چِپ شامل نہیں ہوگی بلکہ شناخت کی تصدیق کے لیے محفوظ کیو آر کوڈ دیا جائے گا۔
اس کیو آر کوڈ کو عام اسمارٹ فون کے ذریعے بھی پڑھا جا سکے گا، جبکہ پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے بھی کارڈ کی تصدیق کی سہولت دستیاب ہوگی۔ کیو آر کوڈ میں کارڈ رکھنے والے شہری کی متعلقہ شناختی معلومات اور تصویر محفوظ ہوگی۔
نئے نظام سے شناختی معلومات کے اندراج میں غلطیوں کو کم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ نادرا کی جانب سے ٹیلی کمیونیکیشن کمپنیوں، بینکوں، اسپتالوں، پاکستان ریلوے، پولیس اور دیگر مجاز اداروں کو کیو آر کوڈ کی تصدیق کے لیے ضروری سافٹ ویئر فراہم کیا جائے گا۔
نئے شناختی کارڈ پر کون سی معلومات ہوں گی؟

نئے کارڈ پر خاندان نمبر کے علاوہ معذور افراد، بزرگ شہریوں، اعضا عطیہ کرنے والوں اور آزاد جموں و کشمیر کے شہریوں کے لیے مخصوص شناختی نشانات بھی موجود ہوں گے۔
کارڈ پر شہری کا نام اور پتہ اردو اور انگریزی دونوں زبانوں میں درج کیا جائے گا، جس سے شناختی معلومات کو پڑھنے اور استعمال کرنے میں مزید آسانی ہوگی۔
نادرا کے مطابق نیا قومی شناختی کارڈ 14 اگست 2026 سے موجودہ چِپ کے بغیر ٹیسلن شناختی کارڈ کی جگہ مرحلہ وار جاری کیا جا رہا ہے۔
دیگر شناختی دستاویزات بھی نئے نظام میں شامل ہوں گی

نئے نظام کا دائرہ صرف قومی شناختی کارڈ تک محدود نہیں رہے گا۔ جنوری 2027 سے کیو آر کوڈ پر مبنی کارڈ کو این آئی سی او پی اور جووینائل کارڈ سمیت قومی شناختی دستاویزات کی دیگر اقسام کے لیے بھی جاری کیا جائے گا۔
اس عمل کے آخری مرحلے میں پاکستان اوریجن کارڈ کو بھی چِپ کے بغیر کیو آر کوڈ پر مبنی نئے شناختی کارڈ کے نظام میں منتقل کیا جائے گا۔
نادرا کا کہنا ہے کہ نئے نظام کا مقصد شناختی دستاویزات کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا، تصدیق کے عمل کو آسان بنانا اور مقامی سطح پر تیار ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دینا ہے۔