نگہت شاہ کی ریٹائرمنٹ اور تقرری، جامعہ نے دو الگ الگ نوٹیفکیشن جاری کردیے
کراچی: جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی (جے ایس ایم یو) نے پروفیسر ڈاکٹر نگہت شاہ کی ریٹائرمنٹ اور اس کے فوری بعد کنٹریکٹ پر خدمات جاری رکھنے سے متعلق دو الگ نوٹیفکیشن جاری کردیے۔
یونیورسٹی نے سابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی صاحبزادی پروفیسر ڈاکٹر نگہت شاہ کو ریٹائرمنٹ کے فوراً بعد 3 سال کے لیے کنٹریکٹ پر پروفیسر آف گائناکالوجی کے عہدے پر خدمات جاری رکھنے کی اجازت دی ہے۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ جے ایس ایم یو کی جانب سے ڈاکٹر نگہت شاہ کی ریٹائرمنٹ اور ریٹائرمنٹ کے فوری بعد 3 سالہ کنٹریکٹ پر دوبارہ خدمات جاری رکھنے کے حوالے سے الگ الگ نوٹیفکیشن جاری کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر نگہت شاہ کو اکتوبر 2025 میں جے ایس ایم یو کا پرو وائس چانسلر مقرر کیا گیا تھا، تاہم ان کی یہ تقرری مدتِ ملازمت مکمل ہونے یعنی ریٹائرمنٹ کی تاریخ تک محدود تھی۔
جے ایس ایم یو کے رجسٹرار ڈاکٹر اعظم خان کی جانب سے جاری ریٹائرمنٹ نوٹیفکیشن کے مطابق پروفیسر آف گائناکالوجی اینڈ آبسٹیٹرکس (BPS-21) اور پرو وائس چانسلر ڈاکٹر نگہت شاہ 12 اگست 2026 کی دوپہر سے سرکاری ملازمت سے ریٹائر ہوگئیں۔
نوٹیفکیشن میں 6 اکتوبر 2025 کو جاری ہونے والے ان کی بطور پرو وائس چانسلر تقرری کے حکم کا حوالہ بھی دیا گیا ہے، جس کے مطابق ان کی تقرری مدتِ ملازمت مکمل ہونے تک تھی۔
دوسری جانب یونیورسٹی کے جاری کردہ نئے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ حکومت سندھ کے فیصلے اور مجاز اتھارٹی، یعنی سنڈیکیٹ، کی منظوری کے بعد پروفیسر ڈاکٹر نگہت شاہ کو جے ایس ایم یو میں پروفیسر آف گائناکالوجی (BPS-21) کی حیثیت سے مزید 3 سال کے لیے کنٹریکٹ پر خدمات جاری رکھنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ان کا نیا کنٹریکٹ 13 اگست 2026 سے نافذ العمل ہوگا، یعنی سرکاری ملازمت سے ریٹائرمنٹ کے اگلے ہی روز سے۔
اس طرح یونیورسٹی کے دونوں نوٹیفکیشنز کے مطابق ڈاکٹر نگہت شاہ 12 اگست کو سرکاری ملازمت سے ریٹائر ہوئیں اور کسی وقفے کے بغیر 13 اگست سے 3 سالہ کنٹریکٹ کے تحت اسی یونیورسٹی میں پروفیسر آف گائناکالوجی کی حیثیت سے خدمات انجام دیتی رہیں گی۔