پاکستانی سفیر کی کیلیفورنیا کے قانون سازوں سے اہم ملاقاتیں
اسلام آباد: پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے کیلیفورنیا کے قانون سازوں سے اہم ملاقاتیں کی ہیں، جن میں پاکستان اور امریکا کے درمیان دوطرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری اور معاشی تعاون بڑھانے کے امکانات پر گفتگو کی گئی۔
کیلیفورنیا کی ریاستی سینیٹ نے پاکستان اور امریکا کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو اجاگر کرنے والی ایک تاریخی قرارداد متفقہ طور پر منظور کی۔ قرارداد میں کیلیفورنیا میں پاکستانی نژاد امریکی شہریوں کی معاشی، ثقافتی اور سماجی خدمات کو بھی سراہا گیا۔
ریاستی سینیٹر میلیسا ہرٹاڈو کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد میں مختلف شعبوں میں پاکستانی امریکی برادری کی نمایاں کامیابیوں کا اعتراف کیا گیا اور کیلیفورنیا کے شہریوں پر زور دیا گیا کہ وہ دونوں ممالک کے دوستانہ تعلقات کو اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔
قرارداد کی منظوری میں کونسل آف پاکستان اور اس کے سربراہ ڈاکٹر عمران شریف کی کوششوں کو بھی اہم قرار دیا گیا۔ پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے قرارداد پیش کرنے پر سینیٹر میلیسا ہرٹاڈو کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان امریکا عوامی روابط مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
کیلیفورنیا کی ریاستی اسمبلی نے بھی پاکستان کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے اور پاکستانی نژاد امریکی کاروباری افراد اور سرمایہ کاروں کی خدمات کو سراہنے کا اعلان کیا۔ اسمبلی رکن میٹ ہینی نے دونوں ممالک کے تعلقات کیلئے سفیر رضوان سعید شیخ کی خدمات کا بھی اعتراف کیا۔
اپنے دورہ کیلیفورنیا کے دوران سفیر رضوان سعید شیخ نے ریاستی قانون سازوں سے ملاقاتیں کیں۔ سینیٹر ایلوئس گومیز سے ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری اور معاشی تعاون بڑھانے کے مواقع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سینیٹر گومیز نے علاقائی امن اور استحکام کیلئے پاکستان کے کردار کو بھی سراہا۔
ملاقات کے دوران پاکستانی سفیر نے سینیٹر گومیز کو پاکستان کے دورے کی باضابطہ دعوت بھی دی۔ بعد ازاں سفیر رضوان سعید شیخ نے اسمبلی رکن میٹ ہینی اور اسمبلی وومن شارون کوئرک سلوا کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا، جہاں دوطرفہ تعاون کے مختلف پہلوؤں پر بات چیت ہوئی۔