رونالڈو نے 8 ارب روپے سے زائد مالیت کی سپر کار کلیکشن کی جھلک دکھا دی
پرتگال کے نامور فٹبالر اور سعودی کلب النصر کے سپر اسٹار کرسٹیانو رونالڈو نے اپنے مداحوں کو اپنی شاندار اور نایاب سپر کاروں کے ذخیرے کی ایک جھلک دکھا کر ایک بار پھر توجہ حاصل کر لی۔
رونالڈو نے سماجی رابطے کی ویب گاہ پر اپنے ذاتی گیراج سے تصاویر شیئر کیں، جن میں وہ 20 سے زائد انتہائی مہنگی اور لگژری گاڑیوں کے درمیان کھڑے دکھائی دیتے ہیں۔ تصاویر کے ساتھ انہوں نے مختصر مگر دلچسپ عبارت “مائی ٹوائز” تحریر کی، جس نے مداحوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی۔
ان کے وسیع کار ذخیرے میں دنیا کے معروف ترین برانڈز کی قیمتی سپر کاریں شامل ہیں، جن میں فراری، بگاٹی، لیمبورگینی، بی ایم ڈبلیو، مرسڈیز، بینٹلے اور میکلیرن نمایاں ہیں۔ تصاویر میں بگاٹی ویرون، بگاٹی شیرون اور نہایت محدود تعداد میں تیار کی جانے والی بگاٹی سینٹوڈیچی بھی دیکھی جا سکتی ہے، جن کی مجموعی مالیت 3 ارب 74 کروڑ روپے سے زائد بتائی جاتی ہے۔
رونالڈو کے کار ذخیرے میں مرسڈیز اے ایم جی ون، میکلیرن سنا، لیمبورگینی ایونٹاڈور، بینٹلے فلائنگ اسپر اور مرسڈیز جی ویگن برابس جیسی نایاب اور محدود ایڈیشن گاڑیاں بھی شامل ہیں، جنہیں دنیا کی مہنگی ترین اور منفرد سپر کاروں میں شمار کیا جاتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق کرسٹیانو رونالڈو کی مجموعی کار کلیکشن کی مالیت 8 ارب 22 کروڑ روپے سے بھی تجاوز کر چکی ہے، جس کے باعث انہیں دنیا کے ان کھلاڑیوں میں شمار کیا جاتا ہے جن کے پاس لگژری گاڑیوں کے سب سے قیمتی نجی ذخائر موجود ہیں۔
گزشتہ برس ایک انٹرویو کے دوران رونالڈو نے اعتراف کیا تھا کہ وقت گزرنے کے ساتھ انہیں اپنی گاڑیوں کی درست تعداد بھی یاد نہیں رہی۔ ان کا کہنا تھا کہ نئی اور نایاب گاڑیاں خریدنا ان کا ذاتی شوق ہے، تاہم وہ ان میں سے بیشتر کو روزمرہ استعمال کے بجائے اپنی قیمتی کلیکشن اور طویل مدتی سرمایہ کاری کے طور پر محفوظ رکھتے ہیں۔