مستونگ میں سیکیورٹی فورسز کا کامیاب آپریشن، 4 دہشت گرد ہلاک
بلوچستان کے ضلع مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فتنۃ الہندوستان کے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
آپریشن العزم کے تحت کی گئی اس مؤثر کارروائی میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی نقل و حرکت کے لیے استعمال ہونے والی موٹر سائیکلیں بھی قبضے میں لے لی ہیں، جبکہ متعدد مشتبہ سہولت کاروں کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔
مصدقہ اطلاعات کے مطابق فتنۃ الہندوستان کے کئی دہشت گرد اس جھڑپ کے دوران زخمی بھی ہوئے ہیں۔ فی الحال کھڈ کوچہ اور اس کے مضافاتی علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کی سرچ اور کلیئرنس مہم جاری ہے، جس کا مقصد علاقے کو مکمل طور پر محفوظ بنانا اور باقی ماندہ عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانا ہے۔
حالیہ دنوں میں مستونگ میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافے کے پیش نظر سیکیورٹی اداروں نے اپنے انٹیلی جنس نیٹ ورک کو مزید مستحکم اور آپریشنز کو تیز کر دیا ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ خطے میں پائیدار امن کے قیام اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔