بیٹھنے کا صحیح انداز جو سوچ اور فیصلہ سازی کو بہتر بناتا ہے
روزمرہ زندگی میں بیٹھنے کا انداز محض جسمانی سہولت تک محدود نہیں رہتا بلکہ یہ انسان کی ذہنی کیفیت، جذبات اور فیصلہ سازی کی صلاحیت پر بھی اثر ڈال سکتا ہے۔ کینیڈا میں کی جانے والی ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آیا ہے کہ کمر سیدھی رکھ کر بیٹھنے والے افراد نہ صرف زیادہ مثبت احساسات رکھتے ہیں بلکہ مختلف کاموں میں زیادہ اعتماد اور مؤثر انداز سے فیصلے بھی کرتے ہیں۔
کینیڈا کی میک گل یونیورسٹی کے محققین نے اس تحقیق کے دوران تقریباً 200 افراد کو شامل کیا، جن کا تعلق اسی جامعہ سے تھا۔ تحقیق کا بنیادی مقصد اس دیرینہ تصور کا جائزہ لینا تھا کہ آیا جسمانی نشست و برخاست کا انداز واقعی انسان کے خیالات، احساسات اور رویوں پر اثرانداز ہوتا ہے یا نہیں۔
تحقیق کے دوران شرکا سے پہلے کمپیوٹر کی مدد سے مختلف آزمائشیں مکمل کرائی گئیں، جس کے بعد انہیں ایک ایسے برقی آلے پر مزید سرگرمیاں انجام دینے کی ہدایت دی گئی جسے اس مقصد کے لیے خاص طور پر تیار کیا گیا تھا کہ بیٹھنے کے انداز کے ممکنہ اثرات کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا سکے۔ اس پورے عمل کے دوران ایک مخصوص نظام کے ذریعے تمام معلومات کا تجزیہ بھی کیا گیا۔
شرکا کو دو مختلف گروپوں میں تقسیم کیا گیا۔ ایک گروپ کو ایسے انداز میں کام کرنے کی ہدایت دی گئی جس میں میز پر موجود سہارا کمر کو سیدھا رکھنے میں مدد دیتا تھا، جبکہ دوسرے گروپ سے کہا گیا کہ وہ میز کی جانب جھک کر تمام سرگرمیاں انجام دے۔
بعد ازاں دونوں گروپوں کو ایسی آزمائش میں شریک کیا گیا جس میں خطرہ مول لینے اور فوری فیصلہ کرنے کی صلاحیت کا جائزہ لیا گیا۔ نتائج نے واضح کیا کہ سیدھی کمر کے ساتھ بیٹھنے والے افراد نے زیادہ پوائنٹس حاصل کیے اور نسبتاً زیادہ خطرات بھی مول لیے، تاہم ان کے فیصلے جذباتی یا غیر ذمہ دارانہ نہیں تھے بلکہ وہ حالات کا بہتر انداز میں جائزہ لے کر تیزی سے مؤثر فیصلے کرنے میں کامیاب رہے۔
تحقیق کے دوران حاصل کیے گئے سوالناموں سے یہ بھی معلوم ہوا کہ سیدھی نشست اختیار کرنے والے افراد میں خود اعتمادی اور فخر کا احساس زیادہ نمایاں تھا، جبکہ ماہرین کے مطابق ایسے جذبات کا تعلق عمومی طور پر مثبت ذہنی کیفیت اور بہتر نفسیاتی کیفیت سے جوڑا جاتا ہے۔
محققین کا کہنا ہے کہ وہ یہ دعویٰ نہیں کرتے کہ صرف بیٹھنے کا انداز بدل لینے سے کسی شخص کی زندگی یکسر تبدیل ہو جائے گی، تاہم تحقیق کے نتائج اس بات کی مضبوط نشاندہی کرتے ہیں کہ جسمانی نشست کا طریقہ انسان کے جذبات، سوچنے کے انداز اور فیصلہ سازی پر قابلِ توجہ اثر ڈال سکتا ہے۔