واٹس ایپ اکاؤنٹ بلاک ہونے کا خطرہ، پی ٹی اے نے صارفین کو خبردار کردیا
اسلام آباد (17 اگست 2026): واٹس ایپ اکاؤنٹ بلاک ہونے کے حوالے سے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے صارفین کو اہم انتباہ جاری کردیا ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق ایسے واٹس ایپ اکاؤنٹس کے خلاف کارروائی کی جا سکتی ہے جو غیر فعال، منسوخ یا استعمال میں نہ رہنے والی سموں پر بنے ہوئے ہیں۔ اتھارٹی نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹ کو ایسے موبائل نمبر کے ساتھ منسلک رکھیں جو فعال ہو اور ان کے استعمال میں ہو۔
غیر فعال سم پر واٹس ایپ استعمال کرنے والے محتاط رہیں
پی ٹی اے کے مطابق غیر فعال موبائل نمبرز پر قائم اکاؤنٹس سیکیورٹی کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔ اگر کوئی نمبر طویل عرصے تک استعمال نہ ہو تو اسے دوبارہ کسی دوسرے صارف کو جاری کیا جاسکتا ہے، جس کے باعث پرانے اکاؤنٹ، ڈیٹا یا دیگر معلومات کے غلط استعمال کا خدشہ پیدا ہوسکتا ہے۔
اتھارٹی نے واضح کیا کہ غیر فعال نمبرز پر بنے واٹس ایپ اکاؤنٹس کو دھوکا دہی، فراڈ اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کے لیے بھی استعمال کیا جاسکتا ہے، اسی لیے ایسے نمبرز کی نگرانی اور کارروائی کا عمل اہم قرار دیا گیا ہے۔
صارفین کیا کریں؟
پی ٹی اے نے ایسے صارفین جن کی سم بند یا غیر فعال ہوچکی ہے، انہیں فوری طور پر اپنا واٹس ایپ نمبر تبدیل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اس مقصد کے لیے واٹس ایپ میں موجود Change Number آپشن استعمال کرکے اکاؤنٹ کو نئے اور فعال موبائل نمبر پر منتقل کیا جاسکتا ہے۔
صارفین کو چاہیے کہ وہ اپنے زیر استعمال سم کا اسٹیٹس بھی چیک کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ واٹس ایپ اکاؤنٹ کسی ایسے نمبر سے منسلک نہ ہو جو ان کے پاس فعال طور پر موجود نہیں۔
واٹس ایپ اکاؤنٹ بلاک ہونے سے بچنے کے لیے صارفین بروقت اپنا نمبر اپ ڈیٹ کریں تاکہ اکاؤنٹ کی سیکیورٹی برقرار رہے اور مستقبل میں کسی ممکنہ مسئلے سے بچا جاسکے۔