|

ایران کیخلاف جنگ بہت جلد ختم ہو جائے گی: صدر ٹرمپ پُر امید

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امید ظاہر کی ہے کہ ایران کے خلاف جاری جنگ جلد اپنے اختتام کو پہنچ جائے گی۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے عالمی اور امریکی توانائی کی قیمتوں کے تناظر میں کہا کہ ان کے خیال میں ایران کے خلاف جاری جنگ زیادہ دیر تک نہیں چلے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں نہیں لگتا کہ ایران اس جنگ کو طویل عرصے تک جاری رکھنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ٹروتھ سوشل” پر وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے کام سے بے حد مطمئن ہیں۔

انہوں نے ایران کے خلاف جاری کارروائیوں کا دفاع کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ایران کو ایسا شدید نقصان پہنچایا گیا ہے جس کا مقصد اسے مستقبل میں جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنا ہے۔ ٹرمپ کے مطابق اس حوالے سے تمام اقدامات مؤثر انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں۔

دوسری جانب ایران اس وقت عمان کے ساتھ مذاکرات میں مصروف ہے، جہاں اطلاعات کے مطابق دونوں ممالک آبنائے ہرمز سے تجارتی جہازوں کی محفوظ آمدورفت یقینی بنانے کے لیے ایک قابلِ قبول معاہدے کے قریب پہنچ چکے ہیں۔

تاہم ایران متعدد مواقع پر واضح کر چکا ہے کہ جنگ کے مستقل خاتمے کے حوالے سے اس وقت امریکا کے ساتھ اس کی کوئی براہِ راست بات چیت نہیں ہو رہی۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *